• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی فلم بدلہ نے باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کیا ہے لیکن اس کے باوجود فلم کی کامیابی پر کوئی بات کیوں نہیں کر رہا۔


بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق امیتابھ بچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی فلم بدلہ نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی ہےلیکن فلم کے پروڈیوسر، لائن پروڈیوسر، ڈسٹری بیوٹر سمیت انڈسٹری سے کسی فرد کی جانب سے اسےسراہا نہیں گیا۔


بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے اس فلم کے پروڈیوسر ہونے کی حیثیت سے امیتابھ کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’سر، ہم تو انتظار کر رہے ہیں کہ ہم سب کو آپ پارٹی کب دے رہے ہیں۔ ہم انتظار کرتے ہیں جلسہ کے باہر روزانہ۔‘


واضح رہے کہ ’جلسہ‘ ممبئی میں امیتابھ کے محل نما گھر کا نام ہے۔

فلم بدلہ کے ڈائریکٹر سجوئے گھوش سے امیتابھ اور شاہ رخ کے بارے میں فلم میں شوٹنگ کے حوالے سے سوال کیا گیا تو اُن کا کہنا تھا کہ امیتابھ اور شاہ رخ دونوں نےاس فلم میں بہت دلچسپی اور محنت سے کام کیا ہے۔

سجوئے گھوش نے مزید کہا کہ یہ دونوں سپر اسٹارز پاگلوں کی طرح کام کرتے ہیں،صرف یہی نہیں بلکہ انہوں نے اپنے ساتھ ساتھ مجھے بھی زیا دہ سے زیادہ محنت، لگن اور ہمت کے ساتھ کام کرنے کا درس دیا ہے۔‘

واضح رہے کہ فلم بدلہ باکس آفس پراب تک 85 کروڑ سے زائد کا بزنس کر چکی ہے۔

تازہ ترین