• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پی اے ایف اکیڈمی اصغرخان میں گریجویشن تقریب


پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغرخان میں 141 ویں جنرل ڈیوٹی پائلٹ،87ویں انجینئرنگ،97 ویں ائیر ڈیفنس، 22ویں ایڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیز، 07نیوی گیشن اور 06 لاجسٹکس کورسزکی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی ۔

کمانڈر ترکش فضائیہ ، جنرل کیچیکا کیاز تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہو ئے مہمانِ خصوصی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان اور جمہوریہ ترکی کے درمیان باالعموم اور ہماری فضائی افواج کو درمیان عشروں پر محیط گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، ہم آپس میں اسلام ، بھائی چارے اور ثقافت کے مظبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور خطے کے امن کے لئے حکومت پاکستان کی کاوشوں سے پوری طرح آگاہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس خطے سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستانی قوم کی بے مثال قربانیوں اور اسکی دفاعی افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو ترک قوم بہت زیادہ سراہتی ہے۔مجھے یقین ہے کہ دونوں فضائی افواج کے درمیان مزید تعاون کا فروغ ہماری آپریشنل صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گا۔

کمانڈر ترکش فضائیہ نے کہا کہ پاک فضائیہ اور پاکستانی قوم نے ہر مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا ہے اور ترک قوم بھی پاکستان کی ہر مشکل گڑھی میں ان کے ساتھ ہو گی ۔ بیشک پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت ایک تابناک تاریخ کی حامل ہے اور یہ ہمت پیشہ وارانہ مہارت دیانت اور خودی کی عمدہ روایات کی حامل بہترین قیادت کی بدولت ممکن ہوا ہے اور ان کے باصلاحیت جانشینوں نے بے مثال کاوشوں سے پاک فضائیہ کو ایک بہترین فضائی فوج میں تبدیل کر دیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی اعلیٰ حکمت عملی اور بہترین قیادت کے زیرِ اثر پاک فضائیہ نے نہ صرف غیر معمولی ترقی کی ہے بلکہ مشرقی بارڈر سے ہو نے والی جارحیت کا کامیابی کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔ پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید فروغ دے کر اس کو عظمت کی بلندیوں تک لے جانے میں ان کی ان تھک کاوش شامل ہے جس سے پاک فضائیہ دنیا کی جدید ترین فضائی افواج میں شامل ہو رہی ہے۔

اس تقریب میںدو لبین کیڈٹس سمیت کل 101ایوی ایشن کیڈٹس گریجویٹ ہوئے ۔

مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے افسران کو برانچ انسگنیا اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔

مہمانِ خصوصی نے نمبر 4سکواڈرن کو اکیڈمی کے چیمپئن سکواڈرن کا قائد اعظم بینر عطا کیا۔ کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ محمد اجلال ظفر جبکہ جنر ل سروس ٹریننگ میں بہترین کارکردگی کی چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ طلحہ افتخار نے حاصل کی۔

ایوی ایشن کیڈٹ محمد فیصل شفقت نے کالج آف فلائینگ ٹریننگ میں مجموعی طو ر پر بہترین کارکردگی کی اعزازی شمشیر حاصل کی ۔ ایوی ایشن کیڈٹ حسنین شہزاد نے 22ویں ایڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیزکورس میں مجموعی طو ر پر بہترین کارکردگی کی ٹرافی حاصل کی۔

ائیر ڈیفنس کورس کی مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ سید فہد حسین ، جبکہ ایوی ایشن کیڈٹ فہیم عباس نے نیوی گیشن کی مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی ٹرافی حاصل کی۔

کالج آف ائیروناٹیکل انجینئرنگ میں بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی اور کالج آف ائیروناٹیکل انجینئرنگ میں مجموعی طو ر پر بہترین کارکردگی کی اعزازی شمشیرایوی ایشن کیڈٹ حماس بن شہاب نے حاصل کی۔

تقریب میں حسب روایت ، چار T-37 پر مشتمل "بریو ہارٹ فارمیشن "اور پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان کی ائیرو بیٹکس ٹیم " شیر دل " نے انتہائی مسحور کن مظاہرہ پیش کیا ۔

قبل ازیں مہمانِ خصوصی کی اکیڈمی آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اور ا ئیر وائس مارشل ندیم صابر ائیر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان نے ان کا خیر مقد م کیا۔

تقریب میں ڈپلومیٹس، اعلیٰ فوجی اور سول حکام ، غیر ملکی شخصیات اور گریجو یٹ ہو نے والے زیر تربیت افسران کے والدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔

تازہ ترین
تازہ ترین