• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

18ویں ترمیم کو چھیڑا تو دما دم مست قلندر ہوگا، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی تمہاری معاشی پالیسی سے ملک دیوالیہ ہورہا ہے، کٹھ پتلی نے کہا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دیں گے آج نوجوان بیروزگاری کا رونا رو رہے ہیں۔


بلاول بھٹو نے کہا کہ کوئٹہ میں اتنا بڑا سانحہ ہوا لیکن ہمارے وزیراعظم اب تک کوئٹہ نہیں پہنچے۔

گھوٹکی کے علاقے خان گڑھ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی پی چیئرمین نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کو چھیڑنے اور ون یونٹ لانے کی کوشش کی گئی تو دما دم مست قلندر ہوگا۔ وفاق اٹھارہویں ترمیم کی وجہ سے نہیں کٹھ پتلی وزیراعظم کی پالیسیوں اور نااہلی کی وجہ سے دیوالیا ہورہا ہے۔

 بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ خان صاحب ایمنسٹی اسکیم سے کس کا کالا دھن سفید کرنا چاہتے ہیں؟ علیمہ باجی کا، علیم خان کا، جہانگیر ترین کا یا ان لوگوں کا کالادھن جو آپ کو چندہ دیتے ہیں۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ان کی ایمنسٹی اسکیم ٹیکس دینے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ نااہلوں کے ٹولے سے ملک سنبھالا نہیں جارہا ہے، کہا تھا کہ خودکشی کرلوں گا قرض نہیں لوں گا، آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا کیونکہ اس سےملک کی سلامتی گروی ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کردیا، آج لوگ کھانے کے ایک نوالے کو ترس رہےہیں۔

تازہ ترین