• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین کے مختلف شہروں میں یوم پاکستان انتہائی تزک و احتشام اور جذبے کے ساتھ منایاگیا ۔ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی تارکین وطن سبز لباس زیب تن کر کےمقامی کمیونٹی کی نظروں میں اپنے وطن کا مثبت چہرہ پیش کیا ۔اس سال یوم پاکستان کی تقریبات قابل دید تھیں ،یورپی ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے بھی اپنے اپنے سیاسی اور سماجی پلیٹ فارم سے یوم پاکستان زبردست انداز میں منایا ۔

ان ممالک میں یوم پاکستان کے عنوان سے بہت سے پروگرامز ترتیب دیئے گئے تھے،لیکن اسپین کے صوبہ کاتالونیا کے دارالحکومت بارسلونا میں ہونے والا پروگرام انتہائی منظم اور پروقار انداز سے پیش کئے جانے میں سر فہرست تھا ، قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری کی زیر صدارت ترتیب دیئے گئے اس پروگرام کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ پاکستان مسلم لیگ ن اسپین ، مسلم لیگ ق، تحریک انصاف ، پاک فیڈریشن اسپین ، پاک کاتالان فیڈریشن ، پاک ویلفیئر فیڈریشن ، ادارہ منہاج القران ، دعوت اسلامی ، عام آدمی پارٹی ، پاکستان پیپلز پارٹی اسپین ، پیس فار پیس ایسوسی ایشن ، آل پاکستانیز فیملیز ایسوسی ایشن ، آسے سوپ ایسوسی ایشن ، پاک سلونا کلچرل ایسوسی ایشن ، کاسال پاکستانی ایسوسی ایشن ، پاکستان کے نیوز چینلز اور اخبارات کے تمام نمائندگان ، پاکستانی ٹیکسی سیکٹر بارسلونا ، پاکستانی بزنس کمیونٹی ، سماجی کارکنان چوہدری امتیاز آکیہ ، میاں محمد اظہر ، سوسائٹی فار کرائسٹ کے صدر راجو الیگزینڈر ، جوزفین کرسٹینا ، پاکستانی بزنس کمیونٹی کے چوہدری امانت علی وڑائچ ، محمد اقبال چوہدری ، محمد بلال علی وڑائچ ، حاجی اسد حسین ، چوہدری محمد ادریس ، چوہدری نوید وڑائچ ، سکندر حیات گوندل اور دوسرے بہت سے شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین نے قونصل جنرل کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اپنے اپنے پلیٹ فارمز سے ترتیب دیئے جانے والے پروگرامز کو منسوخ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ہم تمام پاکستانی مل کر قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا کے زیر اہتمام منعقد کئے جانے والے پروگرام کو کامیاب بنائیں گے اور مقامی کمیونٹی کو یہ پیغام دیں گے کہ ’’ اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں‘‘۔

بارسلونا میں قونصلیٹ آفس کا قیام 2007کو عمل میں آیا، لیکن آج تک کسی قونصل جنرل نے پاکستانی کمیونٹی کو ایک جگہ اکھٹا کرنے کی کوشش نہیں کی تھی ، اس عمل پر اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے قونصل جنرل بارسلونا کو بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا اور اُن کی اس کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر ان سے پہلے تعینات آفیسرز یوم آزادی پاکستان ، یوم پاکستان ، یوم دفاع پاکستان اور دوسرے قومی تہوار کمیونٹی کو ایک جگہ اکھٹا کرکے منعقد کرتے تو آج پاکستانی کمیونٹی کا اتفاق و اتحاد دیدنی ہوتا ۔خیر ’’ دیر آئد دُرست آئد ‘‘اللہ کی طرف ہر کام کا ایک وقت مقرر ہوتا ہے اور پاکستانی کمیونٹی کے اتفاق و اتحاد کا جو وقت مقرر تھا اس کی شروعات کا سہرا قونصل جنرل عمران علی کے سر سجنا تھا سو وہ سج گیا ۔ قونصل جنرل بارسلونا نے کمیونٹی کے اتفاق و اتحاد کا جو راستہ چُنا ہے اُس راستے پر اب کمیونٹی کو از خود محو سفر ہونا ہے۔اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بھی خراج تحسین کی مستحق ہے جنہوں نے قونصل جنرل کا ساتھ دیا ۔ قونصل جنرل اور اُن کے تمام عملے نے پاکستانی فیملیز کو یوم پاکستان کی تقریب میں مدعو کیا تو پاکستانی فیملیز کا ایک سمندر ہال میں اُمڈ آیا۔مقامی اداروں کے سربراہان اور ہسپانوی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو جب پاکستانی اجرکوں کا تحفہ پہنایا گیا تو وہ بھی پاکستانی کمیونٹی کا یہ اخلاق اور اتفاق دیکھ کر ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگائے بغیر نہ رہ سکے اورتقریب کے دوران ہال انہی نعروں سے گونجتا رہا ۔ پاکستانی پرچم اپنے ہاتھوں میں لہراتے ہوئے منچلے وطن سے محبت کے گیت گنگناتے رہے ،کمیونٹی کی خدمات کرنے والے پاکستانیوںکو تعریفی اسناد بھی دی گئیں تاکہ اُن کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود کا کام مزید بڑھ چڑھ کر کریں ۔بارسلونا میں مقیم امریکی اور چائنیز قونصل جنرلز نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا کا خصوصی دورہ کیا جس کا مقصد پاکستانیوں کو یوم پاکستان کی مبارک باد دینے کے ساتھ ساتھ قونصل جنرل عمران علی چوہدری کو اتنا پر ہجوم اور منظم پروگرام منعقد کرنے کی مبارک باد بھی دینا تھا اور یہ بھی پہلی بار ہوا کہ امریکی قونصل جنرل نے پاکستانی قونصلیٹ آفس کا دورہ کیا ۔یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ قونصل جنرل بارسلونا نے جہاں پاکستانی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کیا ہے اسی طرح انہوں نے مقامی حکومت اور دوسرے ممالک کے قونصل خانوں کو پاکستان کاسافٹ امیج اور مثبت چہرہ دکھاتے ہوئے پیغام دیا ہے کہ پاکستان ایک پر امن اور دوسروں کا احترام کرنے والے عوام پر مشتمل ایٹمی طاقت کا نام ہے ۔یوم پاکستان کی یہ رنگا رنگ تقریب شام گئے تک جاری رہی ، نوجوانوں نے تقاریر اور ملی نغموں کے ذریعے اپنے وطن سے محبت کا ثبوت دیا ۔معززین نے اس بات کا عہد بھی کیا کہ ہم اس طرح کے قومی پروگرامز اسی جوش و جذبے کے ساتھ پیش کرتے رہیں گے اور مقامی کمیونٹی کو امن کا پیغام دیتے ہوئے بتائیں گے کہ ہمارا ملک امن کا گہوارہ ہے اور اب کسی کو پاکستان میں کوئی خطرہ نہیں ۔تقریب کے اختتام پر تحریک پاکستان کے شہداء اور پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔

تازہ ترین