• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ سے بچنے کیلئے بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں میں فل لوڈ ریہرسل کا فیصلہ صارفین کے لئے یقیناً اطمینان بخش ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ ریہرسل تمام فیڈرز پر کی جائے گی اور اس دوران کہیں بھی بجلی بند نہیں ہو گی۔ اس سلسلے میں این ٹی ڈی سی نے تمام تقسیم کار کمپنیوں کو سختی سے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ یہ فل لوڈ ریہرسل بجلی چوری ہونے والے فیڈرز پر بھی کی جائے گی، جس کا وقت رات بارہ بجے رکھا گیا ہے۔ اس کا ایک مقصد موسم گرما میں فیڈرز میں پیدا ہونے والے فنی نقائص کو دور کرنا اور لوڈ شیڈنگ پر قابو پانا بھی ہے۔ تاہم یہ ریہرسل پورے ملک میں بیک وقت کی جانی چاہئے تاکہ نیشنل گرڈ اور ٹرانسمیشن لائن کی مجموعی کارکردگی کا بھی پتا لگایا جا سکے۔ اس کا شیڈول 15سے 29اپریل تک کا ہے، جس میں تمام کمپنیاں علیحدہ علیحدہ مشق کریں گی۔ یہاں یہ بات انتہائی توجہ طلب ہے کہ لوڈ شیڈنگ یا برقی رو معطل ہونے کی بعض دوسری مقامی وجوہات بھی ہوتی ہیں، جن میں سرفہرست گنجان آبادیوں میں کم استعداد کے ٹرانسفارمرز پر ضرورت سے زیادہ لوڈ ہونا ہے۔ شدید گرمی کے دنوں میں اکثر ٹرانسفارمر زیادہ لوڈ کے باعث سرے سے جواب دے جاتے ہیں اور پورا علاقہ تاریکی میں ڈوب جاتا ہے جبکہ متبادل ٹرانسفارمرز دستیاب نہ ہونے کی شکایات بھی عام ہیں۔ ان حالات میں واپڈا کے اکثر مقامی مرکز شکایات کے ٹیلیفون نمبروں پر کوئی شکایت سننے والا بھی دستیاب نہیں ہوتا۔ ایسا گزشتہ کئی برسوں سے دیکھنے میں آرہا ہے، جس سے سحری یا افطار کے اوقات زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ مزید برآں وقت افطار سے لیکر نماز تراویح کے اختتام اور سحری کا وقت شروع ہونے سے نماز فجر کی ادائیگی کے اوقات تک مقامی سطح پر اکثر وبیشتر بجلی فیل ہو جانا روز کا معمول بن جاتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ متذکرہ فل لوڈ ریہرسل پروگرام میں گرڈ اسٹیشنوں سے لیکر نچلی سطح کے تمام تر انتظامات کو کسی صورت نظر انداز نہ کیا جائے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین