• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: تیز ہواؤں سے دیوار گر گئی، بچی جاں بحق

ایران سے آنے والے ہوا کے کم دباؤ کے سسٹم سے شہر میں گزشتہ رات تیز گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں،محکمہ موسمیات نے آج دوپہر میں کراچی میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

طوفانی ہواؤں سے کورنگی ڈھائی نمبر میں مکان کی چھت گرنے سے 5 سالہ بچی جان کی بازی ہار گئی۔

کراچی میں رات میں اچانک گرد آلود ہوائیں چلنا شروع ہوگئیں جس سے دور تک فضا میں مٹی پھیل گئی اور حدِ نگاہ بھی کم ہو گئی، تاہم کچھ دیر میں ہوا تھما نا شروع ہوئی، لیکن رات بھر وقفے وقفے سے گرد آلود تیز ہوائیں چلتی رہیں جن کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔


تیز ہواؤں کے باعث کورنگی ڈھائی نمبر میں مکان کی چھت گرنے سے 5سالہ بچی مہک جان کی بازی ہار گئی جبکہ ایک شخص زخمی ہوا ہے۔

ملیر کی ماڈل کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تیز ہواؤں کے باعث شہر قائد میں کئی درخت بھی گر گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرد آلود تیز ہوائیں شمال مشرق سے 13 ناٹیکل میل کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق موسم کی خرابی کے باعث متعدد پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ رات گئے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ملیر کے کچھ علاقوں سمیت گلستان جوہر بلاک 8 میں بجلی بحالی کا عمل جاری ہے۔

گلشن اقبال بلاک A-13 کورنگی نمبر 4 اور 6 میں کے الیکٹرک کا عملہ فالٹس کی درستگی میں کوشاں ہے۔

دوسری جانب بجلی کی عدم فراہمی سے مختلف علاقوں میں پی ٹی سی ایل کا سسٹم متاثر ہوا، جن میں لیاقت آباد، کورنگی، اسکیم 33، گلشن اقبال، پرانی سبزی منڈی شامل ہیں۔

نیو کراچی، گلستان جوہر اور ملیر میں پی ٹی سی ایل کی انٹرنیٹ، اسمارٹ ٹی وی اور ٹیلیفون سروس متاثر ہوئی ہے، بجلی کے تعطل سے پی ٹی سی ایل کا بیک اپ سسٹم بھی جواب دے گیاہے۔

محکمہ موسمیات نے آج دوپہر کو شہر میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

تازہ ترین