• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چترال اور دکی میں لینڈ سلائیڈنگ اور حادثات، 4 افراد جاں بحق

خیبرپختوت خوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں ہلکی اور تیز بارش کاسلسلہ جاری ہے، چترال میں لینڈ سلائیڈنگ سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ دکی اور ہنگو میں مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔


ادھر پانی کے ریلوں سے ہرنائی کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، جنوبی پنجاب میں بارش سے گندم کی تیار فصل اور باغات متاثر ہوئے ہیں۔

خیبرپختون خوا کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، چترال میں گجاندہ میں بارش اور لینڈ سلا ئنڈنگ سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

شمالی بلوچستان کے علاقوں میں وقفے وقفے سےبارش ہو رہی ہے،دکی میں کوئلہ لیز کے علاقے میں بارش کے سےکئی مکانات کی چھتیں اور گھروں کی دیواریں گر گئیں۔

لیویزذرائع کے مطابق حادثات میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

کوژک ٹاپ، کوہ خواجہ عمران، توبہ اچکزئی میں شدید ژالہ باری سے درختوں کو نقصان پہنچا ہے، سیلابی ریلوں کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ پر آمدورفت شدید متاثر ہے۔

چمن، پشین، خانوزئی، کان مہترزئی، مسلم باغ میں موسلادھار بارش سےنشیبی علاقے زیرآب آگئے ۔

ہرنائی میں پہاڑی ندی نالوں میں سیلابی ریلے آنے سے رابطہ سڑکیں کئی مقامات پر بہہ گئی، زردآلو کے مقام پر سیلابی ریلے میں رابطہ پل بہہ گیا جس سے ٹریفک معطل ہے اور متصل سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں ۔

ضلع موسیٰ خیل میں بارش، پہاڑی ندی نالوں میں سیلابی ریلے سے لواڑی تنگ پل کا ایک حصہ بہہ گیا، تاہم ٹریفک کو متبادل روٹ فراہم کر دیا گیا ہے۔

لسبیلہ میں گرد آلود تیز ہوا کے چلنے سے کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں، ادھر ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بارشوں کے باعث گندم کی تیار فصل اور باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

راجن پور میں کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں تیز بارش ہو رہی ہے، برساتی نالے کاہا سلطان سے 11 ہزار کیوسک سیلابی پانی گزر رہا ہے۔

ہنگو میں بارش کے باعث کمرے کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور ایک بچی زخمی ہوگئے۔

ادھرسندھ میں بدین سمیت متعدد مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ اڑنے والے مٹی کے طوفان سے معمولات بری طرح متاثر ہوئے ہیں، متعدد دکانوں کے چھپرے اور شیڈز بھی اڑ گئے ہیں۔

تازہ ترین