• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فٹنس ٹیسٹ، رضوان سپرفٹ، یاسر شاہ، عماد وسیم، حسنین کامیاب نہ ہوسکے

  کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ ورلڈ کپ کیلیے پندرہ رکنی پاکستانی ٹیم کا اعلان جمعرات کو چیف سلیکٹر انضمام الحق کریں گے۔ پیر کو قومی اکیڈمی میں تمام کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل ہوگئے۔ تاہم پی سی بی نے نتائج کا اعلان کرنے سے گریز کیا ہے۔ آسٹریلیا کی سیریز کے لئے شارجہ میں ہونے والے فٹنس ٹیسٹ میں عمر اکمل، عماد وسیم، محمد حسنین، عابد علی اور یاسر شاہ ناکام رہے تھے ۔ عمر اکمل کا نام 23کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل نہیں ہے لیکن بقیہ چار کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کے آفیشل نتائج یقینی طور پر دلچسپ ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان سپر فٹ قرار پائے ہیں۔ فٹنس لیول میں 20پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔ کپتان سرفراز احمد، محمد عامر اور محمد حفیظ نے اب تک ہونے والے فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرلیے ہیں۔ آصف علی کا فٹنس لیول اٹھارہ اعشاریہ پانچ، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا فٹنس لیول اٹھارہ آیا ہے۔ اوپنر شان مسعود اور فاسٹ بولر حسن علی بھی مکمل فٹ ہیں ۔توقعات کے مطابق لیگ اسپنر یاسر شاہ، فاسٹ بولر محمد حسنین اور آل راؤنڈر عماد وسیم فٹنس لیول تک پہنچنے میں ناکام رہےہیں۔ یویو ٹیسٹ کے بعد آخری مرحلہ کھلاڑیوں کے اسٹرینتھ ٹیسٹ اور دو کلو میٹر ڈور کا ہوتا ہے۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کہہ چکے ہیں کہ پاکستان ٹیم میں سلیکشن کے لئے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا لازمی ہوگا۔ ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے دورے میں دو اضافی کھلاڑی ٹیم کے ساتھ جائیں گے۔ کپتان سرفراز احمد پیر کو ایک دن کے لئے کراچی آئے ہیں وہ منگل کو دوبارہ لاہور جائیں گے جہاں وہ سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے سلیکشن پر بات چیت کریں گے۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا کہ اعلان کردہ 23کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مکمل ہوگئے۔ محمد نواز نے گریڈ ٹو میچ کھیلنے کے لئے سب سے پہلے ٹیسٹ دیا تھا۔ قومی اکیڈمی لاہور میں فٹنس ٹیسٹ کے موقع پر مکی آرتھر، ٹرینر گرانٹ لوڈن اور فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن، فزیو فزیو کلف ڈکن ، میڈیکل پینل، کوچنگ اسٹاف اور پی سی بی کے فزیو اور ٹرینرز بھی موجود تھے۔ فٹنس ٹیسٹ کو دیکھنے کے لئے میڈیا کو اجازت نہیں تھی۔ آل رائونڈرمحمد حفیظ نے ابھی کرکٹ شروع نہیں کی لیکن وہ فٹنس ٹیسٹ میں شریک ہوئے۔عالمی کپ کی تیاریوں کے لیے ٹریننگ کیمپ کا آغاز 20 اپریل سے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ جن کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ہوئے ان میں سرفراز احمد (کپتان) ، عابد علی، آصف علی ، بابراعظم ، فہیم اشرف، فخر زمان ، حارث سہیل، حسن علی، عماد وسیم ، امام الحق، جنید خان، محمد عباس ، محمد عامر ، محمد حفیظ ، محمد حسنین ، محمد نواز ، محمد رضوان ، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی ، شان مسعود ، شعیب ملک ،محمد نواز، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

تازہ ترین