• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیبل کی چوریوں میں ریکارڈ اضافہ کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر

لندن ( نیوز ڈیسک ) نئے اعدادوشمار کے مطابق برطانیہ عظمیٰ کی ریلویز میں سفر کرنے والے مسافروں کو ریکارڈ تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ کیبل کی چوریاں گزشتہ پانچ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ بی بی سی کی 5لائیو تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 2018میں انگلینڈ ، ویلز اور سکاٹ لینڈ میں ٹرینوں کے 7000سے زائد ٹرپس کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 950گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کے اعدادوشمار سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ سال کیبل چوری کے واقعات میں 85فیصد اضافہ ہو ا ہے۔نیٹ ورک ریل کا کہنا ہے کہ اس طرز کی چوریوں کے باعث ٹیکس دہندگان کو ہر سال لاکھوں پونڈز کے نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔درج بالا اعدادوشمار میں شمالی آئرلینڈ میں ٹرینوں کو درپیش تاخیر شامل نہیں ہیں۔برطانیہ عظمیٰ میں ریلویز کے بڑے حصہ کی ملکیت رکھنے والی اور دیکھ بھال کی ذمہ دارنیٹ ورک ریل نے کہا ہے کہ ٹرینوں میں تاخیر کے واقعات 2016-17کے مقابلے میں دگنے ہو گئے ہیں جب ٹرینوں کے 3000سفر میں 400 گھنٹوں کی تاخیر ہوئی۔ تاخیر کا سامنا کرنے والی دو تہائی سے زائد ٹرینیں لندن میں یا اطراف کی جانب جا رہی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں تانبہ کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سے مزید منظم گروہ کیبل کاٹنے کی جانب راغب ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چور کیبلز کو اس لئے چوری کرتے ہیں کیونکہ اس کے اندر سے تانبہ نکلتا ہے جبکہ اسے سکریپ کے طور پر فروخت کر دیاجاتا ہے۔برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کے سپرنٹنڈنٹ مارک کلیلینڈ نے بھی کہا ہے کہ چوری میں اضافہ کی وجہ یہی ہے کہ میٹل کی قیمتیں بہت بڑھ گئی ہیں۔
تازہ ترین