• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوونٹری سٹی کونسل، غیرمعیاری گھروں پر نیا ٹیکس نافذ کرنے کی حکمت عملی تیار

کوونٹری (وقار ملک) کوونٹری سٹی کونسل نے غیر معیاری گھروں پر نیا ٹیکس نافذ کرنے کی حکمت عملی طے کر لی، لینڈ لارڈ پریشان ہو گئے، کونسل کے فیصلے کے خلاف احتجاج اور پٹیشن دائر کرنے پر سوچ بچار شروع کر دی ۔ مسلم ریسورس سنٹر میں لینڈ لارڈ کا اجلاس ہوا جس میں سٹی کونسل کے ڈپٹی لیڈر عبدالسلام، کونسلر پرویز اختر اور بیرسٹر طارق نے شرکت کر کے کمیونٹی افراد کو بتایا کہ وہ اپنے حقوق کے حصول کے لئے آواز بلند کر سکتے ہیں اگر انھیں کونسل کا فیصلہ منظور نہیں تو وہ فیصلے کے خلاف پٹیشن سائن کے ذریعے اپنا احتجاج ریکارڈ کروا سکتے ہیں، بیرسٹر شبیر نے اس موقع پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ سے دکھ ہوا لینڈ لارڈ پر اضافی اخراجات ڈال دیئےگئے ہیں جو کسی صورت قبول نہیں، کونسل کو فیصلے سے قبل عوام کو اعتماد میں لیا جانا چاہئے تھا ۔انہوں نے انتہائی جذباتی انداز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کونسل کے اس حالیہ فیصلے سے غریب عوام پر بوجھ بڑھے گا کونسل کے فیصلے پر کوونٹری فلاورز کے ممبران نے کہا کہ فیصلے سے قبل عوام کو اعتماد میں لیا جانا چاہئے تھا، انھوں نے کہا کہ کوونٹری کے ایک مخصوص علاقے میں نیا قانون نافذ کیا جا رہا ہے جو زیادتی ہے جبکہ کرایہ داروں کا کہنا ہے کہ اس قانون سے غیر معیاری گھروں کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی، رہائش بہتر اور صحت افزا ہو گی، نئے قوانین کو سمجھنے کی ضرورت ہے، یہ لینڈ لارڈ اور کرایہ داروں دونوں کیلئے بہتر ثابت ہو گا۔ کونسل کے ڈپٹی لیڈر عبدالسلام اور کونسلر پرویز اختر نے جذباتی سوالات کا جواب بڑے حوصلے سے دیئے اور کہا کہ ان کی آواز ارباب اختیار تک پہنچائیں گے انھیں اپنے حق کے لئے آواز اٹھانے کا پورا حق حاصل ہے عوام پیٹیشن سائن کریں اس موقع پر لینڈ لارڈ نے کہا کہ حکومت نے عوام پر بلاوجہ بوجھ ڈالا حکومت عوام سے پیسہ کمانا چاہتی ہے اور اپنا خزانہ بھرنا چاہتی ہے کونسل کے فیصلے سے عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دب جائیں گے۔
تازہ ترین