• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز کوپاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرینگے، عابد زمان خٹک

برمنگھم (نمائندہ جنگ) حالیہ کشیدگی میں پاکستان نے اپنی اعلیٰ سفارت کاری سے عالمی برادری میں ایک اہم مقام حاصل کیا۔ سائوتھ ایشیا ریجن میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام تر اقدامات سوچ سمجھ کر کیے۔ انٹر نیشنل کمیونٹی پاکستان کی ہمنوا بن گئی۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ برطانیہ و یورپ میں مختلف روڈ شوز کے ذریعے پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ ان خیالات کا اظہار صوبہ خیبر پختونخوا کے ’’برانڈ ایمبسیڈر‘‘ برائے سرمایہ کاری و سیاحت عابد زمان خٹک نے برمنگھم ایئر پورٹ پر استقبال کرنے والوں اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پارٹی رہنمائوں زینب خان، چوہدری ساجد، ظہیر عباس، چوہدری ظہور سرور، پی ٹی آئی کشمیر کے سابق پارلیمنٹری امیدوار ناظم گجر سمیت دیگر نے پھولوں کے ہار ڈال کر عابد زمان خٹک کا استقبال کیا۔ عابد زمان خٹک نے مزید کہا کہ میری تعیناتی سے اوورسیز کمیونٹی کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، جس کا اظہار آج استقبال کرکے کمیونٹی نے کردیا۔ عابد زمان خٹک کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی اعلیٰ سفارت کاری سے بھارت کے تمام تر پروپیگنڈہ کا موثر جواب دیتے ہوئے تمام سازشیں ختم کی۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ برطانیہ و یورپ میں روڈ شو کے ذریعے لوگوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کے لیے راغب کریں گے۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور دنیا کا سب سے بڑا میگا پروجیکٹ سی پیک کی وجہ سے عالمی سرمایہ کاری کی توجہ کا مرکز ہے۔ امید ہے کہ آنے والا دور پاکستان میں ترقی و خوشحالی کا سبب بنے گا۔
تازہ ترین