• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

50؍ افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 6؍ دہشت گرد گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سی ٹی ڈی نے شہر میں فرقہ وارانہ بنیادوں پر50سے زائد افراد کو قتل کرنے والےپولیس اہلکار سمیت کالعدم سپاہ محمد کے6دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، ملزمان کارروائی کر کے پڑوسی اسلامی ملک میں چھپ جاتے تھے، ٹارگٹ کلرز کو ہر ماہ40ہزار روپے بطور تنخواہ جبکہ ریکی کرنے والے کو 20ہزار روپے ماہانہ دیئےجاتے تھے۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عبداللہ شیخ نے پیر کو اپنے دفتر میں انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ کچھ عرصہ سے شہر میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں اضافہ ہوا جسکی وجہ سے کراچی کی امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ تھا،سی ٹی ڈی نے فرقہ وارانہ کارروائیوں میں ملوث دہشت گردوں اور انکے نیٹ ورک کے خاتمے کیلئےانچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کو ٹاسک دیا جنہوں نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر 29مارچ 2019کو احسن آباد اللہ بخش گوٹھ میں میں چھاپہ مارا جہاں کالعدم سپاہ محمد /تحریک جعفریہ کے دہشت گرد اپنے دیگر ساتھیوں کیساتھ موجود تھے ، اس دوران پولیس مقابلہ ہوا جس میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کو نقصان پہنچا اور ملزمان اپنا کچھ سامان چھوڑ کر فرار ہو گئےجسکا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ پیر کی صبح سی ٹی ڈی کی ٹیم نےبرنس ریکارڈ روڈ سے کالعدم سپاہ محمد سے تعلق رکھنے والے6دہشت گردوں کو گرفتار کیا جس میں سے تین ملزمان کا نام ریڈ بک میں بھی موجود ہے۔گرفتار دہشت گردوں میں محمد حیدر عرف چھوٹا محمد عرف بچہ(ریڈ بک)، سید مہتاب حسین نقوی عرف مچھڑ عرف بالا (ریڈ بک)،گل اکبر عرف عبدللہ (ریڈ بک)،پولیس ہیڈ کانسٹیبل سید حیدر عباس رضوی عرف پولیس والا ،آصف رضا عرف خالد اور کامران عرف پٹھان شامل ہیں ،گرفتار دہشت گردوں سے تین کلاشنکوف،دو نائن ایم ایم پستول،ایک تیس بور پستو ل،ایک کار ،دو موٹر سائیکلیں اور بڑی تعداد میں ایمو نیشن بھی برآمد کیا گیا ہے۔عبداللہ شیخ نے بتایا کہ اس گروپ کا سربراہ محمد حیدر عرف چھوٹا محمد عرف بچہ اور سید مہتاب حسین نقوی عرف مچھڑ بالا ہیں۔
تازہ ترین