• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمسائیوں سے پرامن تعلقات اور مسائل مذاکرات سے حل کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم عمران

اسلام آباد(نمائندہ جنگ،اےپی پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات کا خواہش مند ہے اور تمام ایشوز کو ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز چیئرمین کنزرویٹو پارٹی برطانیہ اور رکن پارلیمنٹ برینڈن لیویز سے گفتگو کے دوران کہی جنہوں نے پیر کے دن وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ چیئرمین بیسٹ وے گروپ سر انور پرویز اور سی ای او بیسٹ وے گروپ ضمیر چوہدری بھی ان کے ہمر اہ تھے۔سرانور پرویز برطانیہ میں سب سے امیر پاکستانی نژاد ہیں اور وہ پاکستان میں یونائیٹڈ بینک اور بیسٹ وے سیمنٹ سمیت کئی فرمز کے مالک ہیں ۔ وزیراعظم نے وفد کو خطے کی مجموعی صورتحال بشمول بھارت اور افغانستان کااجمالی خاکہ پیش کیا۔ وزیراعظم نے انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان اور برطانیہ کو بالخصوص بعد از ”بریگزٹ“ موجودہ طویل المدتی اور کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ کنزرویٹو پارٹی کے چیئرمین نے وزیراعظم سے اتفاق کیا کہ ”بریگزٹ“ سے قطع نظر پاکستان اور برطانیہ تجارتی و سرمایہ کاری روابط کو مستحکم بنانے کی بےحد صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے پلوامہ واقعہ کے بعد صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے حوالہ سے وزیراعظم کے قائدانہ کردارکی تعریف کی۔ انہوں نے برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کوباہمی اتفاق رائے کی تاریخ پر برطانیہ کے دورہ کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔بعد ازاں برٹش کنزرویٹو پارٹی کے چیئرمین برینڈن لیوس نے فیصل مسجد اور زیرو پوائنٹ پر واقع پاکستان مونومنٹ (یادگار)کا دورہ کیا۔ وہ مسجد کے تعمیراتی کام سے بے حد متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد میرے تصور سے بھی زیادہ خوبصورت ہے۔میڈیا سے گفتگو میں برینڈن لیوس نے کہا کہ یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے اور میں پاکستان بار بار آنا پسند کروں گا۔اے پی پی کےمطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے پیر کو برطانوی کابینہ کے وزیر اور کنزرویٹو پارٹی کے چیئرمین برینڈن لیوس نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو میں وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری اور سیاحت کے سلسلے میں پوری دنیا کے لئے کھلا ہے، سیاحت کے فروغ کیلئے ویزا پالیسی کو بہتر بنایا گیا ہے۔دہشت گردی کے خاتمہ سے ملک میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہے۔

تازہ ترین