• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابینہ میں تبدیلی، بیورو کریسی میں تبادلے، حکومت نے تردید کردی

اسلام آباد(نیوز ایجنسیز) وفاقی کابینہ اور بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چند وزارتوں اور آئی ایم ایف سے معاہدہ کے بعد وزارت خزانہ میں اہم تبدیلیوں کا اعلان ہوگا، تاہم وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ وزیر اعظم وفاقی کابینہ کی کارکردگی کا جائزہ ہر اجلاس میں لیتے ہیں، وزراءکے قلمدان تبدیل کرنا وزیر اعظم کی صوابدید ہے ۔کسی ایک یا دو وزیر کو تبدیل کرنے کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان چند روز سے اپنی کابینہ کے ارکان کی کارکردگی کا جائزہ بھی لے رہے ہیں اور ان کو فیڈ بیک بھی دے رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ نہ صرف چند وزراء کی وزارتوں کو تبدیل کیا جائے بلکہ ان محکموں میں موجود بیوروکریٹس کو بھی تبدیل کیا جائے۔ اس سلسلہ میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان امریکہ میں جاری مذاکرات کے ختم ہونے کا انتظار کیا جا رہا ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ کے بعد وزارت خزانہ میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا جائیگا۔

تازہ ترین