• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امام کعبہ کی صدر ، وزیراعظم اور آرمی چیف سے الگ الگ ملاقاتیں

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبد اللہ عواد الجہنی نے گزشتہ روز صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب عالم اسلام کی مشترکہ قوت ہیں جو ہر سازش کا مقابلہ کریں گے ، دونوں ملکوں کی سلامتی ایک دوسرے سے منسلک ہے ۔ امام کعبہ سے گفتگوکرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ سعودی ولی عہد نے پاکستانی برادری کی معاونت کے لئے اپنی فراخدلانہ پیش کش سے پاکستان کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ امام کعبہ نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ یہ عقیدے پر مبنی ہیں، پاکستان سعودی عرب کی طاقت ہے اور ہمارے لوگوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ بعد ازاں امام کعبہ نے وزیراعظم عمران خان سےوزیر اعظم آ فس میں ملاقات کی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی امام کعبہ کی ملاقات ہوئی ۔ آئی ایس پی آرکے مطابق ملاقات میں پاک سعودی برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ملا قات میں مسلم امہ میں امن اور ہم آہنگی کے لئے مزید اقداما ت کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا، امام کعبہ نےملاقات میں خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کا مسلم دنیا کے اندر بہت بڑا مقام ہے۔
تازہ ترین