• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی اکاونٹس کیس: فریال تالپور کی عبوری ضمانت منظور

جعلی اکاونٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی بہن فریال تالپور کی عبوری ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے کل آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو دن 11بجے جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں طلب کیا ہے۔ فریال تالپور نے نیب میں گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔

فریال تالپور کی جانب سے دائر درخواست میں چیئرمین نیب کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ نیب نے کل طلب کیا ہے، خدشہ ہے گرفتاری نہ ہوجائے لہٰذا عبوری ضمانت دی جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بنچ نے فریال تالپور کی درخواست پر سماعت کی۔

دورانِ سماعت جسٹس عامر فاروق نے فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک سے استفسار کیا کہ کیا یہ کوئی مختلف انکوائری ہے؟ اس پر فاروق نائیک نے بتایا کہ جی یہ الگ معاملہ ہے۔

عدالت نے 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض 29 اپریل تک فریال تالپور کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔

واضح رہے کہ فریال تالپور نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں 29 اپریل تک عبوری ضمانت کررکھی ہے۔

تازہ ترین