سندھ حکومت نے صوبے میں ریسکیو 1122سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زہر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں ریسکیو 1122سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، سروس کا آغاز کراچی سے کیا جائے گا۔
چیف سیکریٹری کا کہنا ہے کہ سندھ ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز ایکٹ 2019 کا ڈرافٹ 2 دن میں وزیر اعلیٰ کو بھیجا جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں شہرکے مختلف مقامات پر 31 اسٹیشن بنائے جائیں گے، جہاں ایمبولینس اور فائر ٹینڈر موجود ہونگے۔
سید ممتاز علی شاہ نے مزید بتایا کہ حادثات اور ہنگامی صورتحال میں بروقت اورفوری طبی امداد بھی ریسکیو 1122 کے ذریعے دی جائے گی۔
اجلاس میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکریٹری خزانہ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔