• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’وزرا کے پاس کارکردگی بتانے کیلئے کچھ نہیں‘

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومتی وزرا کے پاس کارکردگی بتانے کے لئے کچھ نہیں،وزیراعظم نالائق،نااہل اور جھوٹا ہے۔

نیوزکانفرنس سے خطاب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے 9 ماہ میں ایک اینٹ تک نہیں لگائی،جھوٹی حکومت عوام کو آئی ایم ایف کی شرائط بتائے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے جن معاہدوں پر دستخط ہورہے ہیں، اسی کی وجہ سے مہنگائی ہو رہی ہے۔

ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ پھل اور سبزیاں اب صرف ڈیکوریشن پیس کی طرح ہی ڈرائنگ روم میں رکھے جاسکتے ہیں، مہنگائی کے باعث کھائے نہیں جاسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک گھنٹہ پارلیمنٹ کو جواب دینے کی بات کرنے والوں نے ایک گھنٹہ پارلیمنٹ کو چلنے نہیں دیا۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ ہم نے حکومت میں آکر کوئی رونا نہیں رویا، ڈلیور کرکے دکھایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم،صحت، مناسب خوراک سمیت تمام 17 اہداف بہت اہمیت کے حامل ہیں، پارلیمنٹ کا کام حکومتی کارکردگی کا احتساب بھی ہے۔

ن لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کا آئینی مینڈیٹ قانون سازی اور بجٹ کی منظوری ہے،دیرپا ترقی کے اہداف کے حصول کےلئے پارلیمنٹ کا کام ضروری قانون سازی ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کی شمولیت کے بغیر ترقی کے اہداف کا حصول مشکل ہے، ن لیگ کی حکومت نے دیر پا ترقی کے حصول کے اہداف کےلئے پارلیمانی ٹاسک فورس بنائی۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر دیرپا ترقی کے اہداف کے حوالے سے سیکرٹریٹ بنایا گیا، ایک گلوبل فریم ورک بنایا گیا،دیرپا ترقی کے اہداف جب اقوام متحدہ نے دیے تو پاکستان میں آمریت تھی۔

ن لیگی ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں مشرف دورمیں جمہوریت نہ ہونے کی وجہ سے اہداف کے حصول میں مشکلات ہوئیں،پاکستان نے بڑی ذمہ داری سے دیرپا ترقی کے اہداف پر کام شروع کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ترقی کے حصول کیلئے وفاقی، صوبائی اسمبلیوں اور بلدیاتی اداروں کا اہم کردار ہے،اراکین پارلیمنٹ نے ریاست کے دوسرے اداروں کے کام میں مداخلت نہیں کرنا۔

تازہ ترین