• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈکپ کیلئے ٹریننگ کیمپ شروع، پاکستانی کرکٹرز کی سخت مشقیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ورلڈ کپ کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ منگل سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگیا۔ پہلے روز اکیس کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل نے چچا کے انتقال کی وجہ سے کیمپ میں شرکت نہیں کی۔ کپتان سرفراز احمد نے کراچی سے لاہور پہنچنے کے بعد تاخیر سے کیمپ جوائن کیا اورٹریننگ میں شرکت کی۔ آل رائونڈر محمد حفیظ نے انگوٹھے کی انجری اور آپریشن کے باعث الگ سیشن کیا ۔کیمپ کے پہلے دنکرکٹرز نے فٹنس میں بہتری کیلئے سخت مشقیں کیں۔ کھلاڑیوں نے عمران خان انکلوژر کی سیڑھیوں پر چڑھنے کی مشقیں کیں۔ ان مشقوں میں عماد وسیم دشواری کا شکار نظر آئے۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کھلاڑیوں کو فیلڈنگ اور نیٹ پریکٹس بھی کرائی۔سلیکشن کمیٹی کے ممبران نے انضمام الحق کے ساتھ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔قومی کرکٹ ٹیم 23 اپریل کو لندن روانہ ہوگی جہاں انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلی جانی ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے میچ 8 مئی کو اوول، گیارہ مئی کو ساؤتھمپٹن، 14 مئی کو برسٹل، 17 مئی کو ٹرینٹ برج اور 19 مئی کو لیڈز میں کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ 30 مئی سے شروع ہوگا اور قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 31 مئی کو ٹرینٹ برج میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔

تازہ ترین