• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کرکٹ ٹیم کوچ کیخلاف سابق منیجر کی رپورٹس،بورڈ خاموش

  کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مارک کولز سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ میں ٹیم منیجر کی چھ سے زائد ٹور رپورٹس کو نظر انداز کرکے غلط روایت قائم کی گئی ہے۔ عام طور پر پی سی بی انتظامیہ ڈسپلن قائم کرنے کے بڑے بڑے دعوے کرتا ہے لیکن نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے مارک کولز کے معاملے میں پی سی بی کی معنی خیز خاموشی حیران کن اور کئی سوالات کو جنم لیتی ہے۔ بد مزاجی اور گرم طبیعت کے سبب وہ پاکستانی خواتین کرکٹرز میں بھی زیادہ مقبول نہیں ہیں۔ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ حال ہی میں سبکدوش ہونے والے منیجر اور سابق اسپنر عبدالرقیب نے اپنی کئی ٹور رپورٹس میں اس بات پر کھل کر اظہار کیا ہے کہ مارک کولز کا ٹمپرامنٹ کمزور ہے اور وہ بدتمیزی اور لڑائی جھگڑے سے گریز نہیں کرتے ۔ عبدالرقیب تقریباً ایک سال سے زائد کئی غیر ملکی دوروں میں ٹیم منیجر رہے۔ پی سی بی ذرائع نے ان رپورٹس کی تصدیق کی ہے لیکن پی سی بی ویمنز ونگ نے کوچ کے خلاف ایکشن لینے سے گریز کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق مارک کولز کے ایک بار قومی اکیڈمی میں سابق چیف سلیکٹر جلال الدین سے جھڑپ ہوئی اور مارک نے جلال الدین پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی لیکن معاملہ رفع دفع کردیا گیا۔ سری لنکا کے دورے میں ان پر امپائر لیبرائے سے الجھنے کی پاداش میں لیول ٹو کا چارج لگا یا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جلال الدین اور عبدالرقیب کو ان کی ذمے داریوں سے فارغ کردیا گیا جبکہ مارک کولز کے قریب رہنے والے آسٹریلوی بیٹنگ کنسلٹنٹ اینڈی نئی ملازمت ملنے کے بعد آسٹریلیا واپس جاچکے ہیں۔
تازہ ترین