• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کوورلڈکپ فیورٹ قرار دینا پریشر ڈالنے کی کڑی،مشتاق احمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق ٹیسٹ لیگ اسپنر مشتاق احمد نے کہا کہ ورلڈکپ میں انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن پاکستان ٹیم کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں، پاکستان ٹیم کو فیورٹ قرار دینا پریشر میں لانے کی بھی ایک کڑی ہو سکتی ہے۔ منگل کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے پاکستانی کرکٹرز کو مشورہ دیا ہے کہ 16 جون کو بھارت کے خلاف میچ میں خوف کو دل اور دماغ سے نکال کر میدان میں اتریں۔ پاکستانی ٹیم ورلڈکپ کی فیورٹ ٹیموں میں سے ایک ہے، 1992 کا ورلڈکپ بھی اسی فارمیٹ کے تحت کھیلا گیا تھا جو اس بار ہے، 92 کے ورلڈکپ میں بھی کئی کھلاڑی نوجوان ہی تھے، پاک بھارت میچ میں تجربے پر جذبہ حاوی ہو جاتا ہے ۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کے اسپن بولنگ کوچ نے کہا کہ انگلش کنڈیشنز پاکستانی کرکٹرز کے لیے سازگار ہیں، یقین ہےچیف کوچ مکی آرتھر بہترین پلاننگ کے ساتھ ٹیم کو میدان میں اتاریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عابد علی اور محمد حسنین بہترین صلاحیتوںسے مالا مال ہیں، صرف فٹنس کی بنیاد پر انہیں نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، عابد علی اور محمد رضوان ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکتے ہیں۔ مشتاق احمد نے کہا کہ اسپنرز کا ہمیشہ رول اہم ہوتا ہے چاہے کوئی بھی کنڈیشنز کیوں نہ ہوں مڈل میں اگر اسپنرز ساتھ دے جائیں وہ میچ میں فرق ڈال سکتے ہیں، پاک بھارت میچ میں پاکستان کے اہم کھلاڑیوں کی انفرادی پرفارمنس بہت ضروری ہوگی۔ مشتا ق احمد نے کہا کہ عمران خان جس اسٹرکچر کی بات کر رہے ہیں اسکو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین