• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں بین المذاہب کمیونٹیز آباد ہیں، سب کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا، افضل خان کیٹ گرین واجد خان

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) ممبر برطانوی پارلیمنٹ و شیڈو وزیر برائے امیگریشن محمد افضل خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم تھریسامے اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہیں اور بریگزیٹ پر کوئی بھی معاہدہ جو برطانیہ کے مفاد میں ہو کرنے سے قاصر ہیں، لہٰذا لیبر پارٍٹی برطانوی عوام کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے دوسرے ریفرنڈم کی حمایت کررہی ہے۔ وہ گزشتہ روز برٹش مسلم ہیرٹج سینٹر مانچسٹر میں آل پارٹیز پالیمنٹرین گروپ آف برٹش مسلم کے زیرِاہتمام اسلامو فوبیا و مذہبی شدت پسندی اور رنگ و نسلی تعصب کے خاتمہ کے حوالے سے تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس تقریب میں رکن یورپین پارلیمنٹ واجد خان، ممبر برطانوی پارلیمنٹ کیٹ گرین، ڈپٹی میئر اف راچڈیل کونسلر عاصم رشید، کونسلر ریاست فیاض، کونسلر حامد علی، کونسلر یاسمین ڈار،کونسلر ماجد ڈار، کونسلر رب نواز اکبر، کونسلر عذرہ علی، کونسلر نازیہ رحمٰن، کونسلر حیدر، سابق کونسلر نصراللہ خان مغل، کونسلر انجیلیکی، امجد حسین مغل، سید سجاد کاظمی، عالشیہ اقبال، فاطمہ محمود، احمد ڈار کے علاوہ دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ ممبر برطانوی پارلیمنٹ افضل خان، کیٹ گرین اور ممبر یورپین پارلیمنٹ واجد خان نے کہا کہ برطانیہ میں800مختلف تنظیموں اور15مقامی کونسلوں نے اسلامو فوبیا کی وضاحت کو تسلیم کر لیا ہے اس کے علاوہ برطانیہ کی سیاسی جماعتوں لیبر پارٹی، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی، گرین پارٹی اسکاٹش نیشنل پارٹی ویلز کی کلائیڈ کیمبری اور دیگر علاقائی جماعتوں نے بھی تسلیم کرلیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ میں بین المذاہب کمیونٹی بستی ہیں ہم سب کو باہمی اتحاد و اتفاق سے رہنا چاہئے۔ بریگزیٹ کے حوالہ سے ان کا کہنا تھا کہ لیبر پارٹی برطانوی عوام کے مفادات کا ہر لحاظ سے تحفظ چاہتی ہے اور عوام کے روزگار کا تحفظ اور معیشت کی بہتری کے لئے بہتر معاہدے کی خواہاں ہے۔ کونسلر یاسمین ڈار، کونسلر عاصم رشید، کونسلر نازیہ رحمٰن، کونسلر رب نواز اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی بارو میں تمام مذاہب اور کمیونٹیز متحد ہیں اور سب مل کر چاقو زنی جیسی وارداتوں کے خلاف اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر مانچسٹر پولیس، کمیونٹیز، مساجد اور عبادت گاہوں کے ساتھ مل کر نوجوانوں کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے۔

تازہ ترین