• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دو ایٹمی قوتوں کے درمیان مسئلہ کشمیر دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہے، عبدالرشید ترابی

بریڈفورڈ(پ ر) پلوامہ حملے کے بعد دنیا نے بڑی شدت سے یہ محسوس کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے دو ایٹمی قوتوں کے درمیان فوجی تصادم ہوسکتا ہے اور یہ پوری دنیا کے امن کے لئے شدید خطرہ ہے، نریندر مودی نے جنگ مسلط کرنے کی پوری کوشش کی، پاک فوج نے بھارت کے تمام منصوبوں کو خاک میں ملا دیا، پاکستان نے صبر وتحمل کا مظاہرہ کیا پاکستان کی پُرامن کوششوں کو دنیا نے سراہا البتہ سیاسی اور سفارتی محاذ پر بھارت کے ناپاک عزائم کو جس طرح حکومت پاکستان کو بے نقاب کرنے کی ضرورت تھی ایسا نہیں ہوا، حالات سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔ ان خیالات کا اظہار تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ آزاد کشمیر میں کشمیری جماعتوں کے مشترکہ پلیٹ فارم آل پارٹیز کشمیر رابطہ کونسل کے کنوینر عبدالرشید ترابی نے تحریک کشمیر نارتھ زون کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن کی صدارت نارتھ زون کے صدر سردار عبدالحفیظ خان نے کی، تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں الیکشن کا ڈھونگ رچا کر دنیا کو دھوکہ نہیں دے سکتا الیکشن کے پہلے مرحلے میں عوام نے مکمل بائیکاٹ کیا بھارت اس طرح کے حربے استعمال کر کے اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے تحریک کشمیر کی گزشتہ سال کی سرگرمیوں پر مبنی رپورٹ پیش کی اور کہا کہ بھارت نے جماعت اسلامی پر پابندی لگا کر درحقیت جماعت کے تعلیمی اور فلاحی اداروں کو نشانہ بنایا ہے اس کے خلاف کشمیر کے کونے کونے سے مذمت اور شدید احتجاج سامنے آیا۔ میئر آف رچڈل کونسلر محمد زمان نے کہا کہ کشمیریوں کی نئی نسل کو مسئلہ کشمیر سے متعارف کرانے تحریک آزادی کشمیر کے پس منظر اور حالات سے آگاہ کرنے کے لئے آزاد کشمیر کے تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے تاکہ آئندہ آنے والی نسلیں تحریک آزادی میں اپنا کردار ادا سکیں۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے جنرل سیکرٹری حافظ آزاد چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے انتہائی مشکل اور نا مساعد حالات میں آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھا ہوا ہے۔ سفارتی محاذ پر بھارت کے من گھڑت اور بے بنیاد پروپیگنڈے اور لابنگ کے توڑ کے لئے تحریک کشمیر برطانیہ بھارت کو بے نقاب کر رہی ہے کہ بھارت دنیا کے امن کے لئے شدید خطرہ ہے۔ نارتھ زون کے صدر سردار حفیظ خان نے آئندہ کی منصوبہ بندی اور پروگراموں سے آگاہ کیا۔ کنونشن سے چوہدری محمدیٰسین، چوہدری محمد یوسف، محمد غفران، خالد چوہدری، سردار علی، ماسٹر ملک محمد اسلم، حفیظ گوندل، راجہ محمد عارف، شفیق ملک اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر نارتھ زون کے مختلف شہروں کے لئے ناظمین مقرر کئے گئے، کنونشن میں بریڈفورڈ، کیتھلے،مانچسٹر، رچڈل، اولڈہم، نیلسن، برنلے، ڈیوز بری، آشٹن، بولٹن کے عہدیداروں نے شرکت کی، مختلف شہروں میں تنظیم سازی اور اجلاس منعقد کرنے فیصلہ کیا گیا۔

تازہ ترین