اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے طیارہ حادثہ میں بھوجا ائیر لائن کے مالک فاروق عمر بھوجا کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت جون کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی ہے۔ دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ عید کے بعد کیس کو تسلی سے سن کر فیصلہ سنائیں گے۔ بھوجا ائر لائن طیارہ حادثے کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 127 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ متاثرین کی جانب سے بھوجا ائر لائن کے مالک کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران متاثرین کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بھوجا ائر لائن اب آپریٹ ہی نہیں کرتی۔ اس پر عدالت نے کہا کہ کیس کو تسلی سے سننا چاہتے ہیں ۔عدالتی وقت کی کمی کے باعث متاثرین کے وکیل کے دلائل مکمل نہ ہو سکے۔ فاضل عدالت نے کیس کی مزید سماعت جون کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔