• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی لانڈرنگ دہشت گردی تصور ہوگی، قانون میں ترمیم کرکے پولیس کے شعبہ انسداد دہشت گردی کو تفتیش کا اختیار ملے گا، وفاقی کابینہ میں ایمنسٹی اسکیم کی منظوری آج تک موخر

اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘اے پی پی) وفاقی کابینہ نے منی لانڈرنگ کے حالیہ کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ مقدمات منطقی انجام تک پہنچیں گے اور قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، کابینہ نے صوبائی انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی ) کو منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا اختیار دینے ، پی ٹی اے کے حوالے سے سفارشات تیاری کے لئے کابینہ کمیٹی کے قیام ، آڈیٹر جنرل آفس کی استعداد کار بڑھانے کے لئے ڈاکٹر عشرت حسین کو ٹاسک سونپنے،ملازمتوں میں  اراکین پارلیمنٹ کا کوٹہ ختم کر کے گریڈ ایک تا پانچ بھرتی کیلئے قرعہ اندازی کا طریقہ کار اپنانے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ٹیسٹنگ سروسز کا جائزہ لینے ، پاکستان سٹیل مل کے بحالی پلان ،پی ٹی ڈی سی اور متروکہ وقف املاک بورڈ چیئرمین کی تقرری کی منظوری دیدی ہے ، کابینہ نے پاکستان پینل کوڈ میں ترمیم کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد بیرون ممالک سے حوالے کیے گئے ملزمان کو سزائے موت نہیں دی جائے گی ‘ہم نے الطاف حسین ، اسحق ٰ ڈار ، حسن نواز اور حسین نواز کو پا کستان لا نا ہے ‘وفاقی کابینہ نے اثاثہ ظاہر کرنے کی اسکیم پر فیصلہ موخر کر دیا ہے ،کابینہ کے اراکین اس معاملے پر مزید بحث کرنا چاہتے ہیں،پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی تمام شرائط پوری کر لی ہیں‘سابق حکمرانوں کے کرتوتوں کی وجہ سے ملک آج ان حالات سے دوچار ہے‘ ڈالر کی قیمت میں اضافہ ، مہنگائی اور مو جودہ اقتصادی صورتحال کی وجہ دو خاندانوں کی کرپشن ہے‘ آج بدھ کو وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کریں گے ،پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 35ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے‘ کابینہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہورہی ۔منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ واقعہ اور دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے صرف اندرونی نہیں بلکہ بیرونی ہاتھ بھی ملوث ہے ،بیرونی نیٹ ورک کو توڑنے میں کچھ وقت لگے گا‘ وہ وقت دور نہیں جب ہم دہشت گردی کے لعنت سے مکمل نجات حاصل کر لیں گے ‘انہوں نے کہاکہ طویل بحث کے بعد اثاثہ ظاہر کرنے کی اسکیم پر مزید بحث کی ضرورت محسوس کی گئی ہے‘ وزیراعظم عمران خان نے (آج) بدھ کو اس حوالے سے خصوصی اجلاس بلایا ہے جس میں اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کے نکات پر بات کر کے اس سکیم کو حتمی شکل دی جائے گی ۔چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ شہباز شریف اور انکی فیملی نے منی لانڈرنگ کی ہے ، آج ملک میں جو اقتصادی بحران ،ڈالر کی قیمت میں اضافہ ، بجلی اور گیس کی قیمت میں اضافہ اور جو بھی مشکلات ہیں اسکی وجہ نواز شریف اور زرداری فیملی کی کرپشن ہے ،امید ہے کہ قانون اپناراستہ بنا لے گا اور منی لانڈرنگ کے تمام مقدمات منطقی انجام کوپہنچیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جب میڈیا نے سلیمان شہباز اور حمزہ شہباز سے حالیہ منی لانڈرنگ کے کیسز کے حوالے سے سوال کیا تو وہ بے بس نظر آئے اور جواب تک نہیں دے سکے دوسری جانب اسحاق ڈار ،حسن نواز اورحسین نواز عدالتوں کا سامنا نہیں کررہے اور ملک سے بھاگے ہوئے ہیں ۔ یہ بھی نہیں بتایا جاسکا کہ 26ملین ڈالر پاکستان میں شہباز شریف کی فیملی کوکیوں آئے ،ان کا کتنا پیسہ باہر ہے ،99فیصد ظاہر اثاثے باہر سے آنے والے پیسوں پر مشتمل ہیں شریف خاندان کی خواتین کا بھی یہ ہی حال ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت ،نواز شریف فیملی کا یہ ہی حال ہے ،ایک رات میں ہل میٹل ایک ارب دو کروڑ نواز شریف کو اور اگلے دن مریم نواز کو 82کروڑ دیتی ہے،ادھر آصف علی زردرای نے پورا بینک ہی خرید لیا ،ابھی تک صرف ایک سلسلہ سامنے آیا ہے باقی مزید کیسز بھی سامنے آنے ہیں ابھی تو ان لوگوں کی نیندیں بھی اڑنی باقی ہیں ،سابقہ دونوں حکومتوں کے وزراءبھی منی لانڈرنگ کے دھندے میں ملوث تھے ، خواجہ آصف اوراحسن اقبال سمیت اس دور کے کابینہ اراکین کو اقامہ کی اسی لئے ضروت تھی کہ انہوں نے منی لانڈرنگ کرنا تھی، یہ تمام تحقیقات سابقہ دور کی ہیں ابھی ہماری تحقیقات کے نتا ئج آنے باقی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسٹیل مل بحالی کا پلان پیش کیاجارہا ہے‘پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر دنیا کے 6 بڑے سرمایہ کاروں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے‘انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے آڈیٹر جنرل پاکستان آفس کی استعداد کار بڑھانے کے معاملے کا جائزہ لیا اور ڈاکٹر عشرت کو ٹاسک دیا گیا کہ دو ماہ میں رپوٹ تیار کریں کہ کیسے آڈیٹر جنرل آفس کی استعداد کار کو بڑھایا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے پی ٹی اے کا موقف سنا ہے اورماہرانہ رائے کا بھی جائزہ لینے کے بعد وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد صدیقی ،وزیر خزانہ اسد عمر ،وزیر تجارت رزارق داؤ ،وزیر ریونیوعما د اظہر پر مشتمل ایک کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو پی ٹی اے کے حوالے سے سفارشا ت تیار کریگی ۔گریڈ ایک تا پانچ تک بھرتی قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگی ۔

تازہ ترین