• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں کرپشن کے ٹھوس ثبوت ہیں، بیوروکریسی بلاخوف کام کرے، ہتھکڑی نہیں لگے گی، گرفتاری میری اجازت سے ہوگی، چیئرمین نیب

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے پنجاب کے اعلیٰ افسران کو اعتماد دیتے ہوئے کہا ہے، آئندہ کسی گرفتار افسر کو ہتھکڑی نہیں لگائی جائے گی۔سول سیکرٹریٹ میں پنجاب کے اعلیٰ افسران سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ بیورو کریسی ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اگر وہ فیصلے نہیں کرے گی تو ہم آگے کیسے بڑھیں گے، حکومت پالیسی بناتی ہے اور عملدرآمد بیورو کریسی کا کام ہے۔چیئرمین نیب نے کہا کہ گزشتہ برس پنجاب میں میگا کرپشن کیسز سامنے آئے اور ہم نے جن بیورو کریٹس کے خلاف کارروائی کی، ان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں اور شواہد سے ہی ثابت کروں گا جو نیب کام کر رہا ہے وہ درست ہے۔انہوں نے کہا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا سب کی اولین ترجیح ہے اور نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کی پالیسی پر قانون کے مطابق بلا تفریق عمل پیرا ہے اور نیب افسران قومی فریضہ سمجھ کر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جائز معاملات میں افسران کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا، کوئی بھی افسر کسی وقت بھی مجھ سے مل سکتا ہے، افسران کرپشن کے خاتمے کیلیے کلیدی کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ بیورو کریسی مکمل ذمہ داری اور اعتماد کے ساتھ فرئض انجام دے اور دیکھےکہ کام کرنےکےلیےماحول سازگار ہے یا نہیں، بیورو کر یسی دیکھے تقرری کی مدت اور تقرر و تبادلے میرٹ پر اور درست ہو رہے ہیں یا نہیں۔

تازہ ترین