• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ کی نیب میں پیشی، سوالنامے کا جواب دیدیا

راولپنڈی(ایجنسیاں، جنگ نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جعلی اکاونٹس کیس میں نیب کے دیئے گئے سوالنامے کا جواب جمع کرا دیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے ۔جواب جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نیب تفتیش پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نیب کو دیئے گئے اپنے جواب سے میں تو مطمئن ہوں، وہ ہیں یا نہیں مجھے معلوم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے شہباز شریف فیملی کو جو رعایت دی وہ ہماری خواتین کو بھی دیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے نیب حکام کو دعوت دی کہ وہ تھر آئیں اور سندھ حکومت کا کام دیکھیں، ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ نیب حکام دعوت قبول کریں گے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں اپنے جوابات سے مطمئن ہوں، نیب کا پتا نہیں،بہرحال نیب حکام سے اچھے ماحول میں بات ہوئی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب نے ان سے نوری آباد پائپ لائن اور ٹرانسمیشن لائن سے متعلق سوالات پوچھے اور انہوں نے تمام سوالوں کے جواب دے دیئے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے یہ بھی کہا کہ میرا نام زبردستی جے آئی ٹی میں ڈالا گیا، ڈی جی نیب راولپنڈی پہلے جے آئی ٹی میں نہیں تھے۔
تازہ ترین