• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تجارتی خسارہ 6 ارب ڈالرز تک کم ہوجائے گا، مشیرتجارت عبدالرزاق دائود

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) پاکستان کی برآمدات طے شدہ ہدف 27 ارب کے مقابلے میں 24ارب ڈالرز مالیت کی رہیں گی اس طرح یہ حجم ہدف سے تین ارب ڈالرز کم ہے۔ وزیراعظم کے تجارت، پیداوار اورسرمایہ کاری پر مشیر عبدالرزاق دائود کے مطابق تجارتی خسارہ 6ارب ڈالرز تک کم ہو جائے گا جبکہ چین سے آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے۔II) کے بعد مختصر مدت کیلئے پاکستانی برآمدات تین ارب ڈالرز ہو جائیں گی جبکہ5سال میں سرمایہ کاری کا تخمینہ 7 ارب ڈالرز لگایا گیا ہے۔ برآمدات کی موجودہ شرح نمو 1.88 فیصد ہے۔ تاہم برآمدات کے حجم کو موجودہ 24 ارب سے 25 ارب ڈالرز تک لے جایا جا سکتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تجارتی خسارہ 30 جون 2019 تک 37 ارب سے گھٹ کر31ارب ڈالرز رہ جائیگا۔ جولائی تا مارچ عرصہ میں درآمدات میں ساڑھے تین ارب ڈالرز یا 28 فیصد کی کمی ہوئی۔ عبدالرزاق دائود کا کہنا ہے کہ ٹیرف خطوط پر امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کی وجہ سے پاکستانی برآمدات زور نہیں پکڑ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ گارمنٹس کی برآمدات میں 26 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز اور بنگلہ دیش کو سیمنٹ کی برآمد میں 6 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا۔ پاکستان نے صرف چین کو 8 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز مالیت کے چاول برآمد کئے۔ چین کے ساتھ ایف ٹی اے۔II پر دستخط 28 اپریل 2019 کو بیجنگ میں ہوں گے۔ پاکستان نے اپنا 6 فیصد حصہ حاصل کر لیا تو چین کے لئے پاکستانی برآمدات کا حجم 6 ارب ڈالرز تک پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے 313 ٹیرف لائنز پر پاکستان کو مراعات دی ہیں۔ ایف ٹی اے۔II پر دستخط کے علاوہ پاکستان کا چین کے لئے چار شعبوں آئی ٹی، ٹیکسٹائل، زراعت اور سیاحت میں تعاون بڑھانے کا منصوبہ ہے۔ اس حوالے سے اجلاس 26 تا 27 اپریل ہوگا۔
تازہ ترین