کوئٹہ(این این آئی)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت فیصلہ کرے کہ وہ قاتلوں کے ساتھ ہے یا مقتولوں کے ساتھ ‘آخر کب تک یہ دوغلی پالیسی چلتی رہے گی‘ تمام قوتیں کالعدم تنظیموں کی بجائے دہشت گردی کے متاثرین کو قومی دھارے میں لائیں‘سلیکٹڈ وزیراعظم کو سیاسی شہید نہیں بننے دیںگے ‘ سسٹم میں رہ کر عمران خان کی حکومت گرائیں گے۔یہ بات انہوں نے منگل کو جتک ہاؤس کوئٹہ میں پریس کانفرنس اور ہزارہ ٹاون امام بارگاہ میں سانحہ ہزارگنجی میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی ‘بلاول بھٹونے کہا کہ ہم ملک دشمن ہیں یا وہ کالعدم تنظیمیں جو ہمارے بچوں کو قتل کررہی ہیں؟۔انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم شہداء کے ساتھ ہیں تو کالعدم تنظیموں کے ساتھ بیٹھنے والے وفاقی وزراء کے خلاف کارروائی کرکے انہیں کابینہ سے برطر ف کیا جائے۔انہو ںنے کہا کہ ملک میں صدراتی نظام نہیںچل سکتا‘ ون یونٹ لانے کی کوشش کی گئی تو ملک ٹوٹے گا ‘آمروں کے قانون سے کرپشن کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا پلی بارگین کا نظام کس طرح کا نظام ہے‘حکومت کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا ہے عوام انکے یوٹرن اور دھوکے سے واقف ہوچکے ہیں ملک کے مستقبل اور امن کیلئے دہشتگروں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی‘متنازع الیکشن کے انعقاد میں نیب کا بڑا کردار ہے کچھ قوتیں کٹھ پتلی ِحکومت لانا چاہتی تھیں اور ایسا ہی ہوا۔