• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی ایم سے پہلا باضابطہ رابطہ، خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی منظور پشتین کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

اسلام آباد ( طاہر خلیل ) منگل کو پارلیمنٹ اور پی ٹی ایم (پشتون تحفظ موومنٹ ) کے مابین پہلا باضابطہ رابطہ ہوا۔ پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین نے پارلیمانی کمیٹی کو مطالبات اور تحفظات پیش کر دیئے۔خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین بیرسٹر سیف نے یقین دلایا کہ پی ٹی ایم کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے بھر پور کوششیں کی جائیں گی ۔پی ٹی ایم کے معاملے پر سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس ہوا جس میں پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین، رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ سمیت پی ٹی ایم کے دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ کمیٹی کا اجلاس تین گھنٹے جاری رہا ،اراکین کمیٹی اور پی ٹی ایم قیادت نے کھل کر اپنا نقطہ نظر پیش کیا،سربراہ پی ٹی ایم نے کہا کہ لاپتہ افراد کو بازیات اور مصالحتی کمیشن تشکیل دیا جائے، سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کے کنونیئر بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ پشتون ثقافت کی اپنی روایات ہیں اور ان روایات میں جرگہ کلچر ایک ایسی روایت ہے جہاں گفت وشنید اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جاتا ہے اور یہ کمیٹی آئین اور قانون کے مطابق ایک پل کا کردار ادا کرتے ہوئے پی ٹی ایم کے تحفظا ت کو دور کرنے کیلئے بھر پور کوشش کرے گی ۔ اس سلسلے میں مشاورت کیساتھ آگے بڑھیں گے اور قابل عمل سفارشات مرتب کرتے ہوئے شکایات کا ازالہ کیا جائے گا ۔ کمیٹی نے تجویز دی کہ پی ٹی ایم کمیٹی سے موثر رابطہ کاری کیلئے فوکل پرسن مقرر کرے اور اپنے مطالبات کی فہرست تحریری شکل میں کمیٹی کے سامنے پیش کرے تاکہ ان کا مفصل جائزہ لینے کے بعد رپورٹ مرتب کی جا سکے ۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ ایوان بالا کو محروم طبقات کے مسائل کا پورا احساس ہے اور اسی جذبہ کے تحت چیئرمین سینیٹ نے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ۔
تازہ ترین