• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب نے شہباز شریف کی اہلیہ ،بیٹیوں کو سوالنامہ بھجوا دیا

لاہور (نمائندہ جنگ) نیب لاہور نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹیوں کو مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں سوالنامہ بھجوا دیا۔نیب ذرائع کے مطابق سوالنامے میں تینوں سے 2008تا 2017تک کے ذرائع آمدن بارے پوچھا گیا ہے، ذرائع کے مطابق نیب نے مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں 17اپریل کو نصرت شہباز، 18اور 19کو جویریہ اور رابعہ کو طلب کیا تھا تاہم چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایت پر طلبی کے نوٹسز منسوخ کر دیئے گئے اور بذریعہ ڈاک سوالنامہ بھجوایا گیا ہے۔نیب لاہور نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹیوں جویریہ علی اور رابعہ عمران کو گھر پر ہی سوالنامہ بھجوا دیا ہے۔جس میں مبینہ منی لانڈرنگ اور بینکوں میں آنے والی رقوم کی تفصیلات پوچھی گئی ہیں۔ سوالناموں میں پوچھا گیا ہے کہ بتائیں کہ دیگرممالک سے آنیوالی آمدن کے ذرائع کیاہیں، کس کمپنی میں انکے کتنے شیئرزہیں اور انہیں کس کمپنی سے کتنا پیسہ آیا۔تحفے تحائف موصول ہونے سے متعلق بھی آگاہ کریں۔کس کمپنی یا ادارے سے کتنی تنخواہ وصول کرتی رہیں اس سے بھی آگاہ کیا جائے ۔سوالنامے کے مطابق نصرت شہباز سے ماڈل ٹائون اورڈونگاگلی کی رہائشگاہ کی خریداری کے ذرائع آمدن بارے پوچھا گیا ہے ۔
تازہ ترین