• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میجر جنرل عمر احمد بخاری کو ڈی جی رینجرز سندھ تعینات کردیا گیا

کراچی(حیدر نقوی)میجر جنرل عمر احمد بخاری کو ڈی جی رینجرز سندھ تعینات کردیاگیا ہے ،میجر جنرل عمر احمد بخاری شاندار سروس ریکارڈ رکھتے ہیں، آئندہ چند روز میں میجر جنرل محمد سعید کی جگہ ڈی جی رینجرز سندھ کا عہدہ سنبھالیں گے۔پاکستان رینجرز کو سندھ میں انتہائی اہمیت حاصل ہے کیونکہ وہ نہ صرف پڑوسی ملک کے ساتھ واقع سرحدوں پر دفاع کے فرائض انجام دے رہی ہے بلکہ سندھ کے شہری علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف مسلسل آپریشن میں مصروف ہے جس پر پورے ملک کی امن و امان کی صورتحال تکیہ کرتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان رینجرز سندھ کے سربراہ کے لیے ہمیشہ پاکستان آرمی کے انتہائی کہنہ مشق اور بہادر آفیسر کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ رینجرز کا صوبائی سربراہ میجر جنرل رینک کا آفیسر ہوتا ہے اور سندھ کے ماضی کے تقریباً تمام ڈی جی رینجرز ترقی کرتے ہوئے لیفٹننٹ جنرل کے عہدے تک پہنچے جن میں جنرل قادر بلوچ، جنرل جاوید ضیاء، جنرل اعجاز چوہدری، جنرل رضوان اختر، جنرل بلال اکبر قابل ذکر ہیں ۔ حال ہی میں پاک فوج کے ایک اور اہم جنرل محمد سعید کو پاکستان رینجرز سے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر میں بطور ڈی جی انالائیسس ونگ تبدیل کیا گیا ہے اور ان کی جگہ بریگیڈئر کے عہدے سے ترقی پانے والے میجر جنرل عمر احمد بخاری کو سندھ رینجرز کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ جنرل عمر بخاری ایک شاندار سروس ریکارڈ رکھتے ہیں انہوں نے پی ایم اے 84 لانگ کورس سے پاک فوج میں شمولیت اختیار کی اور 91 میں کمیشن حاصل کیا ۔ وہ اپنے کورس کے اُن ذہین آفیسرز میں سے ہیں جن کو کمیشن حاصل کرنے پر اعزای شمشیر نوازی گئی جو کہ کمیشن حاصل کرنے والے ہر کیڈٹ کا خواب ہوتا ہے۔ میجر عمر بخاری نے پاکستان اور پھر سعودی عرب سے اسٹاف کالج کیا اور بطور کرنل پاکستان ہائی کمیشن برطانیہ میں ڈیفنس اتاشی کے فرائض انجام دیئے ۔
تازہ ترین