• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی امریکی ملک پیرو کے سابق صدر ایلن گریشیانے گرفتاری کے خوف سےگولی مارکر خود کشی کرلی۔

پیرو کے موجودہ صدر مارٹن وزکارا نے سابق صدر ایلن گریشیا کی موت کی تصدیق کردی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرو کے دوبار حکمران رہنے والے ایلن گریشیا نے اس وقت خود کو گولی ماری جب انہیں اطلاع ملی کہ پولیس انہیں گرفتار کرنے آئی ہے۔

69 سالہ ایلن گریشیا پر رشوت ستانی کے الزامات تھے ،پولیس نے انہیں انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جہاں وہ دوران علاج چل بسے۔

پیرو کے وزیر داخلہ کارلوس مورن نے بتایا کہ ایلن گریشیا پر الزام تھا کہ انہوں نے برازیل کی ایک تعمیراتی کمپنی سے رشوت لی جبکہ سابق صدر اس الزام کو ہمیشہ مسترد کرتے رہے۔

وزیر داخلہ کے مطابق ایلن گریشیا کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس اہلکاروں کو دارالحکومت لیما میں موجود ان کے گھر بھیجا گیا ۔

جب آفیسرز وہاں پہنچے تو گریشیا نے انہیں کہا کہ وہ ایک فون کال کرنا چاہتے ہیں، یہ کہہ کر وہ کمرے میں داخل ہوئے اور دروازہ بند کرلیا۔

کچھ دیر بعد کمرے کے اندر سے گولی چلنے کی آواز آئی، پولیس اہلکاروں نے دروازہ توڑا تو دیکھا کہ ایلن گریشیا کرسی پر بیٹھے ہیں اور ان کے سر سے خون بہہ رہا ہے۔

گریشیا کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے،واقعے کے اطلاع ملتے ہی سابق صدرکے حامیوں کی بڑی تعداد اسپتال کے باہر پہنچ گئی۔

پولیس نے انہیں اسپتال سے دور رکھا، ہنگاموں کے پیش نظر ملک بھر میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

تازہ ترین