• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ٹیم کے سابق کپتان اورپاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی کرکٹ کمیٹی کے رکن وسیم اکرم بورڈ میں چل رہی سیاست پر پھٹ پڑے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں وسیم اکرم نے کہا کہ پوری دنیا ورلڈ کپ کے لیے اپنی اپنی ٹیموں کا اعلان کرنے میں لگی ہیں جبکہ یہاں تماشا لگا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساری دنیا ورلڈ کپ کی تیاری میں مصروف ہے، دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کو پتا ہے کہ ٹیم کا اعلان کب ہوگا اور ہم یہاں دوسری بحث میں لگے ہوئے ہیں۔

وسیم اکرم نے ورلڈ کپ کےلئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے لیے فٹنس ٹیسٹ کا معیار ہونا چاہیے، ایسا نہ ہو کہ فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے والے بھی اسکواڈ کا حصہ بن جائیں۔

کوئٹہ میں پی سی بی کی گورننگ باڈی کے اجلاس پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ آج پی سی بی کی میٹنگ میں جو کچھ ہوا، اس پر افسوس ہوا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ لوگ ڈرے ہوئے ہیں کہ اگر ڈپارٹمنٹل کرکٹ بند ہو گئی تو کیا ہو گا، معلوم نہیں ایسا فیصلہ کیوں کیا جا رہا ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ پوری دنیا میں غلط تاثر جا رہا ہے، دیکھنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا اس معاملے پر کیا ردعمل آتا ہے۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وسیم خان نوجوان ہے اور ان میں ٹیلنٹ بھی موجود ہے، انہیں ایک موقع ضرور دینا چاہیے۔

کرکٹ کمیٹی سے متعلق سوال پر وسیم اکرم نے طنز کرتے ہوئے کہا کیا کرکٹ کمیٹی بھی ہے، مجھے تو نہیں پتا کہ کوئی کرکٹ کمیٹی بھی ہے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ میں کرکٹ کمیٹی میں ہوں لیکن اس کے باوجود مجھے کچھ معلوم نہیں ہے۔

تازہ ترین