• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف بھی شخصیت کے سحر میں جکڑی ہوئی ہے،تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی طرح پی ٹی آئی بھی شخصیت کے سحر میں جکڑی ہوئی ہے، پی ٹی آئی کی بات بھی عمران خان سے شروع ہو کر انہیں پر ختم ہوجاتی ہے،کیا فواد چوہدری خود عمران خان کے بیانیہ سے ہٹ کر بات کرسکتے ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا لوٹ مار اور کرپشن کے سوا کوئی بیانیہ نہیں ہے، چیف جسٹس کا امن و امان اور معیشت پر بیان ملکی حالات کی درست عکاسی کرتا ہے، ماڈل کورٹس کا قیام اچھا قدم ہے لیکن عدالتی اصلاحات کی ازحد ضرورت ہے، چیف جسٹس نے جیوڈیشل بدحالی اور اصلاحات کے حوالے سے صحیح مسئلہ کی تشخیص کرتے ہوئے اچھی تجاویز دی ہیں،سندھ حکومت ،پولیس اور عوام تینوں ہی پولیس کے ہاتھوں شہریوں کی اموات کی ذمہ دار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار حسن نثار، حفیظ اللہ نیازی، سلیم صافی، بینظیر شاہ اور ارشاد بھٹی نے جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال پی پی اور ن لیگ زرداری اور نواز شریف سے باہر نکلیں، نئے سیاسی بیانیے پر توجہ دیں، فواد چوہدری، کیا دونوں جماعتوں کا سیاسی مستقبل اپنے قائدین کے بیانیے سے علیحدگی میں ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے سلیم صافی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی طرح پی ٹی آئی بھی شخصیت کے سحر میں جکڑی ہوئی ہے، پی ٹی آئی کی بات بھی عمران خان سے شروع ہو کر انہیں پر ختم ہوجاتی ہے،عمران خان کے ہر غلط کام کو صحیح ثابت کرنا پی ٹی آئی رہنماؤں کا کام ہے، فواد چوہدری ایک دفعہ خود بھی عمران خان کے سحر سے نکل کر دیکھیں ۔حسن نثار کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا لوٹ مار اور کرپشن کے سوا کوئی بیانیہ نہیں ہے، بھٹو کے زمانے میں پیپلز پارٹی کا تھوڑا بہت نظریہ تھا لیکن وہ بھی منطقی نہیں تھا، ن لیگی اور پی پی قیادت کیخلاف کسی عدالتی فیصلے کا انتظار نہیں ہے، پاپڑ اور فالودہ بیچنے والوں کی ساری ٹی ٹیز ان دونوں خاندانوں کی طرف ہی کیوں آتی ہیں، وہ آدمی بے ضمیر ہے جو اس کیلئے دلیلیں گھڑتا ہے۔

تازہ ترین