بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ کترینہ کیف نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے فلم ’بھارت‘ بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی وجہ سے سائن نہیں کی ہےبلکہ اس فلم میں کام کرنے کی وجہ مختلف ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کترینہ کیف نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ اُن کی آئندہ آنے والی فلم ’بھارت‘ میں کام کرنے کی وجہ بالی ووڈکے دبنگ اداکار سلمان خان اور فلم کے ہدایت کار علی عباس ظفر سے دوستی نہیں ہے بلکہ انہوں نے یہ فلم بہترین کہانی ہونے کی بنیاد پر سائن کی ہے۔
کترینہ کیف نے انٹرویو میں مزید کہا ہے کہ ’علی اور میں بہت اچھے دوست ہیں مگر جب کام کی بات آتی ہے تو میں اپنے کام سے بے حد مخلص ہوں، میں نے اس فلم کا اسکرپٹ 3گھنٹے میں پڑھنے کے بعد علی کو فون کر کے بتا یا کہ مجھے فلم کی کہانی بے حد پسند آئی ہے اور میں اس میں کام کرنے کے لیے تیار ہوں۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل کترینہ کیف علی عباس کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ٹایگر زندہ ہے‘ میں بھی کام کر چکی ہیں، فلم ’بھارت‘ 5جون کو بھارت بھر میں ریلیز کی جائے گی جبکہ فلم کا ٹریلر اب تک جاری نہیں کیا گیا ہے۔