بلوچستان کے ساحلی علاقے اورماڑہ کے قریب مکران کوسٹل ہائی وے پر فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں پاک بحریہ کے اہلکار بھی شامل ہیں۔
پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بوزی ٹاپ کے قریب کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردوں نےسول بسوں میں سوار 14 افراد کو شہید کردیا، شہید ہونےوالوں میں پاک بحریہ کے اہلکار شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آج صبح اورماڑہ کے علاقے بزی چڑھائی کے قریب بس کے مسافروں پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کےنتیجے میں 14 افراد شہید ہو گئےتھے۔نامعلوم مسلح افراد نے کراچی سے گوادر اور گوادر سے کراچی جانے والی مختلف مسافر بسوں کو روکا۔
مسلح افراد نے مختلف افراد کو ان کے شناختی کارڈ سے شناخت کرنے کے بعد بس سے اُتارا، کچھ فاصلے پر لے جا کر ان کے ہاتھ پیچھے سے باندھ کر انہیں فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔
واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ او ر لیویز فورس موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔