بالی ووڈ کی دلکش اداکارہ عالیہ بھٹ نے کہا ہے کہ ’فلمیں میری زندگی کا حصہ ہیں، میں اداکاری اور ہدایت کاری کو لے کر بے حد پُر جوش ہوں مگر یہ صرف میری زندگی کا حصہ ہیں میری زندگی نہیں ہیں۔‘
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ عالیہ بھٹ نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ’فلموں میں اداکاری کرنا میری زندگی کا حصہ ہے مگر میری زندگی کی ترجیح میرے پیارے ہیں، میں اپنے کام کو لے کر بے حد پُر جوش ہوں مگر وقت کے ساتھ ساتھ میں نے یہ بات سمجھی ہے کہ فلموں میں کامیابی اور ناکامی کا تعلق زندگی سے نہیں ہونا چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ زندگی میں پہلی ترجیح اپنے قریب ترین لوگوں کو ہی دینی چاہیے۔
عالیہ بھٹ نے مزید کہا ہے کہ ’مجھے فلموں میں کام کرنا پسند ہے مگر میں کبھی بھی اپنے کام کو اپنی نجی زندگی میں داخل نہیں ہونے دیتی اور نہ ہی کامیابی اور ناکامی کو اپنے ذہن پر سوار کرتی ہوں، لہٰذا فلموں میں کام کر کے میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے مطمئن ہوتی ہوں اورباکس آفس پر کتنی فلمیں ہٹ ہوئیں اس بات سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘
واضح رہے کہ عالیہ بھٹ بالی ووڈ کی کم عمر ترین اداکارہ ہیں جنہوں نے 10سالوں میں 7ہٹ فلموں میں کام کیا ہے، رواں برس بھی عالیہ بھٹ نے گلی بوائے اور کلنک میں کام کیا جو اس سال کی سپر ہٹ فلمیں ثابت ہوئیں ہیں۔
اس کے علاوہ عالیہ بھٹ رواں برس فلم براہماسترا میں اداکار رنبیر کپور اور بالی ووڈ کےسُپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ پہلی مرتبہ کام کرتی نظر آئیں گی۔