• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آجکل کچن میں کھڑکی ہونا ایک عام ٹرینڈ سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ بہ وقتِ ضرورت تازہ ہوا کا باعث بنتی ہے۔ آپ نے بھی اکثر گھروں میں دیکھا ہوگا کہ کچن میں کھڑکی موجود ہوتی ہے، خصوصاً سنک کے پاس۔ اگر آپ گھر کی تعمیر یا تزئینِ نو کے دوران کچن میں سنک کے ساتھ کھڑکی بنوائیں تو یہ اضافہ آپ کےپورے کچن کی خوبصورتی اور ڈیزائننگ پر اثر انداز ہوگا۔ تاہم یہ اضافہ کرنے سے قبل ان سے حاصل ہونے والے فوائد اور نقصانات پر غور کرلیا جائے۔ انٹیریئر ماہرین کھڑکی سے منسلک سنک کےمختلف فوائد ونقصانات بیان کرتے ہیں، لہٰذا اسے بنوانے سے قبل ان سے متعلق آگہی آپ کے لیے ضروری ہے۔

کھڑکی کے ساتھ سنک بمقابلہ کارنر سنک

یورپ سمیت دنیا بھر کے ممالک میںنئے گھروں کی تعمیر کے دوران کھڑکی کے نیچے سنک کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ اس انتخاب سے متعلق انٹیریئر ماہرین اس کے فوائد کچھ یوں بیان کرتے ہیں۔

٭اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ آپ کی رہائش پہلے فلو ر پر ہے یا آخری، برتن دھونے کے ساتھ ساتھ کھڑکی سے باہر کے مناظر کا نظارہ نفسیاتی طور پر بھی آپ کے کام کو بہترطریقے سے انجام دینے کے لیے بہترین ہے۔ یہ سہولت آپ کو عام طور پر کارنر کچن میں نہیں ملتی۔

٭کارنر میں بنے سنک کیلئے دن کے اوقات میں بھی لائٹ جلانے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے، تاہم کھڑکی کے نیچے سنک کی تعمیر سے آپ کو دن کے اوقات میں لائٹ جلانے کی ضرورت نہیں پڑتی کیونکہ باہر سے آتی سورج کی روشنی کچن کو روشن کردیتی ہے۔

٭کھڑکی کے ساتھ سنک عام طور پر کچن میں کام کرنے کے لیے ونڈو سِل کی صورت میں اضافی سطح فراہم کرتی ہے۔ یہ اضافی سطح کچن کے اندرونی رُخ انڈور پلانٹس رکھنے کے کام بھی آسکتی ہے۔ ایک عام باورچی خانے میں کھڑکی کی نچلی سطح استعمال میں نہیں آتی لیکن سنک کی موجودگی میں اس جگہ کا کارآمد استعمال ایک چھوٹے کچن کو بھی بڑا دِکھانے کے لیے بہترین تصور کیا جاتا ہے۔

ایک طرف جہاں کچن میں کھڑکی ہونے کے کچھ فوائد ہیں، وہیں کچھ مشکلات کا بھی سامنا ہوسکتا ہے لیکن بہترمتبادل کی صورت ان کا حل بآسانی تلاش کیا جاسکتا ہے۔ ان کا ذکر تعمیراتی ماہرین کچھ اس انداز میںکرتے ہیں۔

٭کچن میں کھڑکی کا ہونا روشنی کا باعث توہوتا ہے لیکن اس کے ذریعے آپ کے کچن کیبنٹ، ہوم اپلائنسز اور برتنوں کو دھوپ کے سبب نقصان پہنچنے کا اندیشہ بھی ہوتا ہے۔ کھڑکی کی موجودگی میں لکڑی کے کیبنٹ اور کاؤنٹر ٹاپ کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے کیونکہ نمی اور درجہ حرارت کے سبب یہ جلد خراب ہوسکتے ہیں۔

٭عام طور پر برتن دھونے کے بعد ڈٹرجنٹ پاؤڈر، لیکویڈ یا پھر ایپرن کو سنک کے ارد گرد موجود ہینگر پر لٹکادیا جاتا ہے لیکن کھڑکی کی موجودگی میں یہ عمل بیرونی مناظراور کچن کی دلکشی کے درمیان رکاوٹ بن سکتا ہے۔ اس کے علاوہ برتن دھونے کے دوران پانی کے اڑتے چھینٹے کھڑکی کے شیشے کو عام دیوار سے زیادہ جلدی گندا کرنے کا سبب بنتے ہیں۔

٭کچن کی کھڑکی سنک سے زیادہ نزدیک ہو تو کھڑکی کھولنے اور کام کے دوران ہوا کی فراہمی میںمشکلات کا باعث بنتی ہے۔

ڈیزائننگ

ان فوائد ونقصانات سے آگہی کے بعد اگر آپ کھڑکی کے نیچے سنک بنوانے کا ارادہ رکھتے ہیںتو درج ذیل ڈیزائن آپ کے لیے مددگار ثابت ہوسکتے ہیں ۔

٭ عام طور پر اپارٹمنٹس کے کچن میںایک ہی کھڑکی ہوتی ہے۔ کچن کی ڈیزائننگ کا انحصار اس میں موجود کھڑکی کی چوڑائی اور لمبائی پر ہے۔ مثال کے طور پر اگر کھڑکی کی لمبائی زیادہ ہے تو اردگرد کی جگہ کواوپن شیلف کی صورت دےکر اسٹوریج کے ساتھ کچن ڈیزائننگ کو ایک نئی شکل دی جاسکتی ہے۔

٭ اگر آ پ کے کچن میں ایک کے بجائے دو کھڑکیاں ہیں تو ایسی صورت میں ان کھڑکیوں کے درمیان موجود جگہ پر سنک بنوائیں۔ اس حصے کے لیے شٹر ونڈو یا اسٹوریج کے لیے کھڑکی کے سائز جتنی ڈبل سائیڈ کیبنٹ کا انتخاب کچن کو لگژری انداز فراہم کرے گا۔

٭اگر کچن کی کھڑکی باغ کی سمت کھلتی ہے تو اس حصے کے لیے انڈور پلانٹس کی ضرورت نہیں بلکہ یہاں کارنر سنک کا اضافہ کرکے کام کے دوران قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہواجاسکتا ہے۔

٭ اگر آپ کچن کی کھڑکی کو محض خوبصورتی کا ذریعہ تسلیم کرتے ہیں تو کھڑکی کے شیشوں کے لیے اسٹینڈ گلاس اسٹائل کا انتخاب کیجیے اور سنک کے ہمراہ اسٹڈی لیمپ لگاکر اپنے کچن کی ہیئت کو ماڈرن کچن میں تبدیل کرڈالیں۔ ہر نگاہ تعریف کرتی محسوس ہوگی۔

٭ عام طور پر کچن میں بنی کھڑکی اندرون خانہ کی پرائیویسی میں مداخلت کرتی محسوس ہوتی ہے۔ آپ پرائیویسی برقرار رکھنے کے لیے ٹرانسپیرنٹ یا کلر فل بلائنڈ کا استعمال کرسکتی ہیں یہ بلائنڈ دھوپ سے بچاؤ کا ذریعہ بھی ثابت ہوں گے۔

تازہ ترین