کراچی (اسٹاف رپورٹر)معروف شاعرہ قندیل ناصرہ نےآرٹس کونسل کے سالانہ انتخابات کے دوران تشدد کانشانہ بنانے اور حراساں کرنے، ناقص اور جانبداری سے تفتیش کرنے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔سندھ ہائی کورٹ نے ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ساؤتھ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن ساؤتھ،صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیاہے۔احمد شاہ اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ تھانہ آرام باغ ایف آئی آر نمبر 326/18زیر دفعہ 147/148,354اور 109تعزیرات پاکستان کے تحت درج کروایا ، تھانہ آرام باغ کے تفتیشی افسر ایس آئی او میر محمد لاشاری نے نہ تو ملزمان کو گرفتار کیا اور نہ ہی موقع کا معائنہ کیا اور نہ ہی میرے گواہوں کے بیانات لیے جبکہ محمداحمد شاہ کے ساتھ ساز باز کرکے میرے کیس کو سی کلاس کردیا۔