• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

اسدعمرکا استعفیٰ، عمران خود، پوری ٹیم 50 اوورز سے پہلے پویلین لوٹ جائیگی، اپوزیشن


لاہور(نمائندہ جنگ …ایجنسیاں)اپوزیشن رہنماؤں شہبازشریف‘حمزہ شہباز‘مریم اورنگزیب‘بلاول بھٹو‘نفیسہ شاہ ‘سراج الحق ‘قمرزمان کائرہ ودیگر نے وزیر خزانہ اسدعمر کے استعفیٰ پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے‘معاشی تباہی کے ذمہ دار اکیلے اسدعمرنہیں پوری حکومت ہے‘ اصل مسئلہ وزیر اعظم عمران خان خود ہیں، حکومت کی پوری ٹیم 50 اوورز سےپہلے ہی پویلین لوٹ جائیگی‘عمران نیازی ضد‘انا اور تکبر چھوڑ کر معیشت کو ترجیح دیں‘بوکے نکالنے کا فائدہ نہیں ‘کنواں صاف کرنا ہوگا‘اوپننگ بیٹسمین کی پویلین واپسی سے پوری ٹیم دباؤ میں آگئی ہے‘سلیکٹرز کو سمجھ آگئی ہے کہ جتنی جلدی اصلاح کر لی جائے اتنا ہی بہتر ہوگا ۔


بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت معاشی پالیسیاں ناکام تھیں‘اسد عمر کے جانے سے ملک کی معاشی حالت میں بہتری آئے گی،امید ہےباقی وزیر جن کے کالعدم تنظیموں سے رابطے ہیں وہ بھی جلد فارغ ہوجائیں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسد عمر کا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان کی معاشی پالیسیاں ناکام ہیں، اصل مسئلہ اسد عمر نہیں بلکہ وزیراعظم عمران خان خود ہیں۔شہباز شریف نے کہاکہ وزیروں کی تبدیلی سے عمران خان اس معاشی تباہی کی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتے‘مزید وقت ضائع کیا گیا تو ملک و قوم کو معاشی اقتصادی لحاظ سے سنگین نتائج جھیلنا پڑیں گے ۔سراج الحق نے اپنے ردعمل میں کہاکہ پہلے دن ہی سے حکومت کی پوری ٹیم کی صلاحیت سوالیہ نشان تھی ۔ حکومت کے پاس کوئی وژن ہے نہ ہی کوئی موثر افرادی قوت ۔ حکومتی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین کی پولین واپسی سے پوری ٹیم دباؤ میں آگئی ہے ۔قمر زمان کائرہ نےکہا ہے کہ ’’ جی کا جانا ٹھہر گیا ہے ، صبح گیا کہ شام گیا‘‘ ۔اسد عمر کی ناکامی دراصل وزیر اعظم کی ناکامی ہے کیونکہ وہ عمران خان کے اوپننگ بلے باز تھے۔

تازہ ترین