• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق حکمرانوں نے سیاسی مفادات کیلئے ملک قرضوں کی دلدل میں دھکیلا، عمران خان

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے محض اپنے سیاسی مفادات کی خاطر ملک و قوم کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلا۔ ایک طرف بیرونی قرضوں سے مہنگی بجلی کے کارخانوں کا قیام اور دوسری جانب ترسیل و تقسیم کے شعبے کو نظر انداز کرنا مجرمانہ غفلت ہے اور ایسا کرنے والے قومی مجرم ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز وزیر اعظم آ فس میں توانائی سے متعلق امور پر اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، توانائی کے شعبے میں درپیش مسائل خصوصاً گردشی قرضوں کا جائزہ لیتے ہوئے وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ محض2017-18 میں گردشی قرضوں میں 450ارب روپے کا اضافہ ہوا جس کی بنیادی وجہ حکومتِ وقت کا وہ سیاسی فیصلہ تھا جس کے تحت وزارت کو یہ ہدایت کی گئی کہ سو فیصد بجلی چوری کے علاقوں میں بھی بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری رکھی جائے ۔ایک طرف مہنگی بجلی کی پیداوار اور دوسری جانب چوری اور بلوں کی عدم ادائیگیوں کے سبب گردشی قرضوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ اس وقت بجلی کی 41فیصد پیداوار درآمد شدہ مہنگے تیل سے کی جا رہی ہے ۔عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پیداواری لاگت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

تازہ ترین