• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممتازادیب‘دانشور اور محقق ڈاکٹرجمیل جالبی انتقال کرگئے

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) ممتاز ادیب‘ دانشور‘ محقق ، نقاد، مورخ ‘ منتظم اورکراچی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلرڈاکڑ جمیل جالبی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کی عمر91برس تھی ‘وہ 12جون 1928ءکو علی گڑھ میں پیدا ہوئے تھے۔ 1943 میں سہارن پور سے میڑک کیا تھا۔1947 میں میرٹھ کالج سے بی اے اور پھر سندھ یونیورسٹی سے یکے بعد دیگرے ایم اے انگریزی، اردو ، ایل ایل بی، پی ایچ ڈی اور ڈی لٹ کی ڈگریاں حاصل کیں۔ نومبر 1980 سے وزارت تعلیم سے وابستہ ہوگئےتھے۔ یکم ستمبر 1983 سے 31اگست 1987 تک جامعہ کراچی کے وائس چانسلر رہے۔انہوں نے 120سے زائد کتابیں تصنیف کیں جس پر انہیں 9سے زائد ایوارڈ زمل چکےہیں‘ جمعرات کو ڈاکڑ جمیل جالبی کی نماز جنازہ ڈیفنس فیز2 کی مسجد ابوبکر میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں ڈیفنس فیز 7کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔نمازجنازہ میں میں ممتاز اہل علم و دانش اور اہم شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ جن میں ڈاکڑ اسلم فرخی، جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمن، متحدہ کے امین الحق،ڈسڑکٹ سنٹرل کے چیرمین ریحان ہاشمی، فراست رضوی، آرٹس کونسل کے محمد احمد شاہ، محمود احمد خان، رونق حیات ، نصیر سلیمی، سابق سکریڑی اطلا عا ت سندھ عشرت صدیقی، مبشر بٹ، روشن خیال، اعزاز الدین شاہ، مزاح نگار ھارون رشید، خلیل نینی تال والا، اور ڈاکڑ اسلم فرخی سمیت دیگر بھی شامل تھے۔ مرحوم کا سوئم ہفتہ 20اپریل کو بعدنمازعصرتامغرب مسجد ابوبکر صدیق ڈیفنس فیز 2میں ہوگا‘آپ کی علمی، ادبی اور تحقیقی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے آپ کو ستارہ امتیاز اور ہلال پاکستان کے اعزازات سے بھی نوازا۔

تازہ ترین