• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈز کے خلیوں اور جین تھراپی سے جان لیوا بیماری کا علاج دریافت

کراچی (نیوز ڈیسک) ماہرینِ طب نے ’’ببل بوائے ڈزیز‘‘ نامی بیماری میں مبتلا بچوں کے علاج کا طریقہ دریافت کر لیا ہے۔ اس بیماری میں مبتلا مریضوں میں قوتِ مدافعت کا نظام نہیں ہوتا۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا میں مجموعی طور پر 10؍ مریض بچوں پر اس علاج کا تجربہ کیا گیا ہے۔ تجربے کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جین تھراپی کے بعد ان بچوں کے جسم میں پہلی مرتبہ خون کے سفید خلیے (وائٹ بلڈ سیلز) پیدا ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ ریاست ٹینیسی کے شہر میمفس میں قائم سینٹ جوُڈز چلڈرن ریسرچ اسپتال میں ماہرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے نئے دریافت کیے گئے طریقہ علاج سے 10؍ میں سے 8؍ بچوں کا کامیاب علاج کیا ہے اور اب یہ لوگ نارمل زندگی گزارنے کے قابل ہوگئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، ماہرین نے ان بچوں کی جینز میں ترمیم کی تاکہ نقائص والے ڈی این اے کو درست کیا جا سکے، اس مقصد کیلئے ان مریض بچوں کے جسم میں ایڈز کے تباہ شدہ وائرس کے ذرات شامل کیے گئے۔ اس پروجیکٹ پر کام کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس غیر معمولی اور جان لیوا بیماری میں مبتلا بچوں کیلئے یہ علاج ایک بریک تھرو سے کم نہیں اور وقت ہی بتائے گا کہ یہ بیماری کا مستقل تریاک ہے یا نہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہر مریض کے جسم میں ایکس کروموزوم میں نقائص تھے اور اس مرض کو تکنیکی طور پر X-Linked Severe Combined ImmunoDeficienty یعنی (SCID-X1) کا نام دیا گیا ہے۔
تازہ ترین