• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم سےقومی کرکٹ ٹیم کےکھلاڑیوں کی ملاقات

وزیر اعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کےکھلاڑیوں نے ملاقات کی۔

وزیر اعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں ٹیم مینجمنٹ اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی بھی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق ورلڈکپ کرکٹ کے لیے منتخب ٹیم کی وزیر اعظم آفس میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی، اس دوران وزیر اعظم عمران خان نے تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور تمام کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا۔

  وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے قومی کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے مشورے دیئے گئے۔ وزیراعظم نے کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ میں محنت، لگن اور جذبے سے کھیلنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کنڈیشن مشکل ہے لیکن ہمت نہیں ہارنی، 1992 میں ہماری ٹیم بہت کمزورتھی لیکن جذبےنےہمیں جیت سے ہمکنار کرایا، انہوں نے کہا کہ سرفراز کو فرنٹ سے لیڈ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تم ٹیم لیڈر ہو اگرتم دلیری سے کھیلوگے تو تمہاری ٹیم بھی دلیر ہوگی۔

وزیراعظم نےفاسٹ بالرحسن علی، جنید خان، فہیم اشرف کو انگلینڈ کی کنڈیشنز کےمطابق بالنگ ٹپس دیں۔

عمران خان نے فخرزمان کو اچھا اوپننگ اسٹارٹ لینے کے حوالے سے بھی ہدایت دیں، وزیراعظم نے شاداب خان کو کہا کہ تم ٹیم کے لیے ٹرمپ کارڈ ثابت ہوگے۔

ملاقات کےموقع پرکرکٹ ٹیم کی چائے اور بسکٹ سے تواضع کی گئی، گروپ فوٹو بھی بنایا گیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نےسوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کو ایک گھنٹہ طویل لیکچر دیا۔

اس کے علاوہ ملاقات میں کرکٹ کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

تازہ ترین