• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ میڈیا گروپ کے پروگرام ’’ہونہارِ پاکستان‘‘ کی افتتاحی تقریب کا آنکھوں دیکھا حال

مسرت راشدی

پیارے بچو! آج ہم آپ کو ایسی تقریب کا احوال بتا رہے ہیں، جس میں آپ جیسے بچوں نے شرکت کر کے اسے رنگا رنگ بنا دیا۔

جنگ گروپ کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ ایسے پروگرام منعقد کیے جاتے رہیں، جن سے بچوں کی ذہنی صلاحتیں اُجاگر ہوںاوراُن کی ذہنی نشونما کی جاسکے۔گزشتہ ہفتے جنگ میڈیا گروپ کے زیرِ اہتمام بچوں کے لیے ایساہی ایک پروگرام ’’ہونہار پاکستان‘‘ کراچی کے سب سے بڑے شاپنگ مال لکی ون کے آڈیٹوریم میں 14 اپریل بروز اتوار منعقد ہوئی۔ تقریب میں کراچی کے ایس ایم پبلک اکیڈمی، اسٹین مور، پنگوئن انگلش اسکول، دی اینوویٹرز، ایس آر ایس اسکولنگ سسٹم، امبر گرامر اسکول ، الحمیداسکول کے طلبہ وطالبات نے شرکت کر کے مختلف مقابلوں میں حصّہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ ملی نغموں کے ساتھ ٹیبلو، کراٹے جمناسٹک کے مظاہروں سےشرکاء کو لطف اندوز کیا تو کچھ بچوں نےنے اپنے وطن اور دیگر موضوعات پر بڑی پُر جوش تقاریر بھی کیں۔جنگ گروپ کے ساتھ ، جامِ ِ شریں،ایف ایم 100، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس، دانش پبلیکیشن، پاکستان اکیڈمک نے تعاون کر کے اس پروگرام کو کامیاب بنایا۔اس پروگرام میںکوئز سوسائٹی کے ممبران نے بھی شرکت کی ،جنہوں نےہونہار پاکستان کے تمام پروگرامز کے لیےسوالات مرتب کیے ہیں۔

تقریب میں عوام کی غیر معمولی تعداد شریک تھی۔ بچوں کا جوش و خروش دیکھنے کے قابل تھا۔ پروگرام کی نظامت عبدالرزاق کر رہے تھے۔ پروگرام کاآغاز سرخ لباس میں ملبوس پیاری پیاری بچیوں نےویلکم سونگ پر پرفارمنس دے کرکیا۔مزاحیہ اداکار ذاکر مستانہ، شکیل شاہ نے پُر مزاح باتوں سےحاضرین کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی۔

ایس آر ایس اسکول کے طلبہ نے ’سیٹی بجا کے‘ گانے پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ الحمیداسکول کے طلبہ نے جمناسٹک کا مظاہرہ دکھاکر دیکھنے والوں کو حیران کردیا۔

معروف گلوکار فاخر اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، انہوں نے فیتا کاٹ کر ہونہار پاکستان ملک گیر کوئز مقابلے کا افتتاح کیا۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ علم ،تحقیق اور معلومات ہی اصل طاقت ہیں۔ آج کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں علم وآگہی کا فروغ ہی ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔ جنگ میڈیاگروپ کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ گروپ ہمیشہ اسی نوع کے پروگرام کرتا ہے، جس کے ذریعے نوجوان نسل اور بچوں کی ذہنی نشوونما کی جاسکے۔ ’’ہونہار پاکستان بھی اسی نوعیت کا پروگرام ثابت ہوگا۔ بعد ازاںفاخر نے اپنا مشہور ملی نغمہ اے جواں ! اے جواں گا کر بچوں اور بڑوں کو پر جوش کر دیا وہ بھی اُن کے ساتھ گانےمیں شریک ہوگئے۔

کلامِ اقبال ’لب پہ آتی ہے دعا‘ پر اسٹین مور اسکول کے بچے ،بچیوں نے بہترین ٹیبلو پیش کیا۔فیض احمد فیض کی نظم ’ہم دیکھیں گے ،لازم ہے ہم دیکھیں گے‘ پر طالبات کی پر فارمنس لاجواب تھی۔’’the earth ‘‘کے عنوان پر بچوں کا ٹیبلو سبق آموز تھا۔

’مرکزِ اُمید‘ کے ذہنی اور جسمانی معذور لڑکوں کا ملی نغمہ ’شکریہ پاکستان‘ پر پر فارمنس نےحاضرین کے دل جیت لیے، انہوں نے اس پروگرام میں شامل ہوکر ثابت کر دیا کہ گر چہ وہ معذور ہیں لیکن کسی سے پیچھے نہیں۔

مسلسل پانچ گھنٹے تک ہونے والے پروگرام میں آخر تک لوگوں میں جوش وخروش تھا۔

’ہونہار پاکستان‘ کراچی سمیت لاہور، اسلام آباد، ملتان،فیصل آباد، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی منعقد کیا جائے گا۔بعد ازاں ہونہار بچوں کا انتخاب کر نے کےبعد آخری مرحلہ طے ہوگا۔’ہونہار پاکستان‘ کی اختتامی تقریب اگست میں لاہور میں منعقد کی جائے گی۔ اس پروگرام میں حصّہ لینے کے لیے تیسری جماعت سے آٹھویں جماعت تک کے بچے رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

پاکستانی بچے ہونہار اور با صلاحیت ہیں، ان کی ذہنی وجسمانی نشونما کے لیے ضروری ہے کہ اس طرح کے پروگرام منعقد کیے جاتے رہیں۔

تازہ ترین