• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں حکومت معاشی بحالی کیلئے اپوزیشن کے ساتھ مل کر منصوبہ بنائے، کمیونٹی رہنما

مانچسٹر /وٹفورڈ (علامہ عظیم جی/لائق علی خان) پاکستان میں حکومت ملک کو معاشی بدحالی اور عالمی سطح پر ناکام ملک ہونے کا تاثر ختم کرنے کے لئے فوری طور پر قومی یکجہتی کو فروغ دے۔ اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ گول میز کانفرنس منعقد کرکے پہلے پاکستان بچائو پر قومی حکمت عملی طے کرے، پی ٹی آئی کی حکومت میں ناتجربہ کار وزراء اور نیب کے استعمال سے پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنائے جانے کے تاثر کو زائل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار مانچسٹر کے مختلف سیاسی سماجی رہنمائوں نے پاکستان میں وزیرخزانہ سمیت دیگر وزراء کی تبدیلیوں پر اپنے ردعمل میں کیا۔ پیپلزپارٹی یوکے کے مرکزی رہنما جٹ ویلفیئر انٹرنیشنل کے سرپرست اعلیٰ چوہدری نصراللہ خان نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت اپنی پالیسیوں میں تسلسل پیدا نہ کرسکی انہیں ملکی معیشت کو تباہی سے بچانے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینا چاہئے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اپنے رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے، پاکستان کی ترقی خوشحالی کو اولیت دی جانی چاہئے، اس کے لئے انتقام کے بجائے اعتماد پر توجہ دے کر قومی یکجہتی کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سب پر مقدم ہے۔ پی ٹی آئی برطانیہ کے مرکزی رہنما سابق سینئر وائس چیئرمین پی ٹی آئی نارتھ ویسٹ انگلینڈ چوہدری رفیق نے کہا ہے کہ ہمارے قائد وزیراعظم عمران خان نے اصولوں کی سیاست کی ہے ان کے قریبی رفقا کو جب بھی انہوں نے کوئی غلط کام کیا یا الزام لگا انہیں عدالتوں کا سامنا کرنا پڑا، کئی کی گرفتاریاں ہوئیں اور جو بھی کابینہ کا وزیر اپنی صلاحیتیں قومی امنگوں پر نہ دکھا سکا اسے کابینہ سے علیحدہ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرخزانہ اسد عمر نے استعفیٰ دے کر اچھی مثال قائم کی ہے، چوہدری رفیق نے کہا کہ دیگر سیاسی پارٹیوں میں کرپٹ وزراء اور نااہل عہدیداروں کا تحفظ کیا جاتا تھا جبکہ عمران خان حقیقی تبدیلی لائے ہیں ان اقدام سے ملکی وقار بلند ہوگا۔ پی ٹی آئی حکومت ملک میں عوام کو عزت و وقار دلانا چاہتی ہے۔ سماجی رہنما چوہدری غلام محمد ورک نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی عدم اعتماد کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستانی ساکھ اور خصوصی طور پر پاکستانی برآمدات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کو پاکستان کے وقار کو سربلند کرنا چاہئے تاکہ پاکستانی برآمدات کم نہ ہو اور ملک معاشی بدحالی سے بچ سکے۔ مسلم لیگ (ن) نارتھ ویسٹ کے سیکرٹری جنرل راجہ حاجی جلیل الرحمٰن نے کہا ہے عمران خان کی حکومت آٹھ ماہ میں ایکسپوز ہوگئی ہے اور ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور اپوزیشن جماعتوں کو ملک دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لئے اس حکومت کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ پاکستانی سینئر سیٹزن ایسوسی ایشن لانگ سائیٹ مانچسٹر کے چیئرمین محمد صفدر بلوچ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے، ملک سے مہنگائی ختم کرکے وزیراعظم عمران خان کو قابل اور تجربہ کار لوگوں کو کابینہ میں لاکر ملکی معیشت اور لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بہتربنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اہل نہیں ان سے عہدے واپس لینا عمران خان کا اچھا اقدام ہے۔ سماجی رہنما چوہدری اعجاز احمد ملہی نے کہا کہ عمران خان تمام وزراء کا ازسرنو جائزہ لے کر نااہل لوگوں کو گھر بھجوائے اور پاکستان کی ترقی اور سی پیک کو کامیاب کرائے۔ وٹفورڈ سے نمائندہ جنگ کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی ایگزیکٹو بورڈ ممبر آف ٹیکساس ملک نعیم اختر نے برطانیہ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں شاہراہ ترقی پر ضرور گامزن ہوگا پاکستان کے پاس وسائل کی کمی نہیں ہے۔ قوم کو وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔ بیرون ملک اوورسیز پاکستانی ملک کو معاشی بحران اور غیرملکی قرضوں سے نجات کیلئے تعاون کیلئے تیار ہیں۔ حکومت بیرون ملک اوورسیز پاکستانیوں کو ایک روڈ میپ دے وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں کیا کردار ادا کرسکتے ہیں ایک ایسی پاکستان ڈیویلپمنٹ کونسل بنائی جائے جو پاکستان اور یورپ و برطانیہ کے درمیان قابل اعتماد افراد پر مشتمل ہو اور اوورسیز پاکستانیوں کو بھی وطن کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار دیا جائے۔ ان کو بھی وطن عزیز آنے جانے اور ملک میں سرمایہ کاری کے لئے مواقع دیئے جائیں۔ آج پاکستان کو معاشی و غیرملکی قرضوں کے بحران سے لگانے کیلئے قوم کو آگے آنے کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا قوم کو ایک محب وطن قیادت کی ضرورت ہے جو وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں موجود ہے خود اور حکومت موجودہ صورتحال میں ضرور سرخرو ہوں گے۔ بقول فرمان قائداعظم محمد علی جناح مسلمان مشکل وقت میں گھبرایا نہیں کرتے۔ ملک نعیم اختر نے کہا موجودہ اقتصادی و معاشی اور غیرملک قرضوں کا تحفہ سابقہ حکمرانوں نے دیا ہے، جب لوٹی ہوئی رقوم کی واپسی کا کہا جاتا ہے تو کہتے ہیں کہ لوٹی رقم کی واپسی کا مطالبہ نہ کرو ورنہ جمہوریت خطرے میں پڑجائے گی۔ انہوں نے کہا اپوزیشن کا کردار علی بابا چالیس چور کے سوا کچھ نہیں۔ ملک نعیم اختر نے کہا ہماری حکومت مضبوط بنیادوں پر قائم ہے، پی ٹی آئی کو وفاق میں کوئی خطرہ نہیں ہے۔ پی ٹی آئی نے عوام کے حقوق کے تحفظ اور پاکستان کی تعمیر و ترقی و خوشحالی کیلئے 22سال جدوجہد کی ہے۔ ن لیگ کی نااہل قیادت اپنے ضمیر کا محاسبہ کرے۔ ملک نعیم اختر نے کہا بلاول بھٹو کی ابو بچائو مہم کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی۔ وہ نواز شریف کی جیل یاترا سے سبق حاصل کریں، اب آصف زرداری کی باری ہے۔ جب تک نواز شریف اور اصف زرداری قوم کی لوٹی ہوئی رقم واپس نہیں کریں گے ان حضرات کا عدالتی ٹرائل اور جیل میں آنا جانا لگا رہے گا۔ انہوں نے وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کی وزارت کی تبدیلی ایک جمہوری عمل کا حصہ ہے۔ جماعت کے اندر کوئی اختلاف نہیں ہے، ملک نعیم اختر نے کہا ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی جماعتوں کے عدالتی ٹرائل مکمل ہونے تک اور فیصلہ آنے تک ان کے بیانات و تبصرے نشر کرنے پر حکومت پاکستان پابندی لگائے۔

تازہ ترین