• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سدرن سمٹری میں مسلمانوں کی قبروں کیلئے مختص جگہ بھر گئی

مانچسٹر(نمائندہ جنگ) مانچسٹر سدرن سمٹری میں مسلمانوں کے لئے مخصوص دوسرے پلاٹ میں بھی قبروں کی جگہ ختم ہوگئی، سدرن سمٹری انتظامیہ نے پہلے قبرستان سے ملحق سڑک کی دوسری جانب کرسچن اور نان مسلم قبروں کے درمیان میں تیسرا پلاٹ مسلمانوں کی قبروں کے لئے مختص کردیا ہے، اس قبرستان میں چند مہینوں میں بھی 100 سے زائد قبریں بن چکی ہیں۔ مسلم کمیونٹی کو قبروں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور قبرستان میں تیزی سے جگہ ختم ہونے پر تشویش پائی جانے لگی ہے، اس سلسلہ میں سیدنا امیر حمزہ ویلفیئر سوسائٹی کے ہنگامی اجلاس میں صدر استاد محمد صفدر، جنرل سیکرٹری شہزاد احمد مرزا، مسلم کمیونٹی کے رابطہ سیکرٹری چوہدری اعجاز احمد ملہی، محبوب الٰہی بٹ و دیگر نے شرکت کرکے اس مسئلے پر غور کیا ہے، انہوں نے کہا کہ مانچسٹر سٹی کونسل مسلمانوں کے لئے قبرستان کی الگ جگہ جہاں پر جنازہ گاہ بھی ہو مختص کرے۔ اس سلسلے میں متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنے کے لئےتجاویز اور اس پر عمل درآمد کے لئے کام کیا جائے گا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مسلمانوں کے لئے قبرستان قائم کرنے کے لئے کئی تنظیموں اورمساجد کمیٹیوں نے اس اہم مسئلے پر سنجیدگی سے عملی اقدام کرنے کی کاوشیں کی ہیں، جن میں مانچسٹر میں پہلے پاکستانی کونسلر اور ایم سی سی آر کے چیف ایگزیکٹو، چوہدری غلام حیدر، مرکزی جامع مسجد کے سابق ڈائریکٹر قدیر احمد چوہان، آفتاب احمد کے علاوہ کئی مسلم کمیونٹی رہنمائوں نے کوششیں کیں، اس اجلاس میں قبروں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اورعلاقے سے باہر وفات پانےوالوں کے اخراجات کے لئے فنڈز قائم کرنے کی بھی تجویز پیش کی گئی۔
تازہ ترین