کراچی( اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز) قومی کر کٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے وزیر اعظم اور ورلڈکپ 92 کی کامیاب ٹیم کے قائد عمران کا دلیری دکھانے اور فرنٹ سے لیڈ کرنے کا مشورہ مان لیا ہے۔ انہوں نے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرنے کا عندیہ دیا ہے، جیو نیوز کے مطابق وہ بیٹنگ میں اپنی کارکردگی اور کردار کے حوالے سے خاصے سنجیدہ نظر آ رہے ہیں۔ لاہور میں تر بیتی کیمپ کے دوران وہ اپنی بیٹنگ پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں اندازہ ہے کہ اس اہم اور میگا ایونٹ میں ان کی بیٹنگ کی اہمیت کیا ہے، میں نے اپنے بیٹنگ آرڈر کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ویسے تو میں اوپنر سے نمبر ’9‘ تک کھیل چکا ہوں تاہم اب وقت ہے کہ میں طے کروں کہ کس نمبر پر کھیلوں اور مناسب یہی ہے کہ نمبر پانچ پر بیٹنگ کروں جو میرے اور ٹیم کے لیے اچھا ہے۔ سرفراز احمد 101 ون ڈے میچز میں 32.91 کی اوسط سے 1942 رنز اسکور کرچکے ہیں اور نمبر پانچ پر کھیلتے ہوئے دس اننگز میں 53.38 کی اوسط سے انہوں نے ایک سنچری اور تین نصف سنچریوں کے ساتھ 427 رنز بنائے، جو ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی نمبر پر کھیلتے ہوئے ان کی شاندار پرفارمنس ہے۔ دلچسپ بات یہ کہ ہے سرفراز احمد نے انگلینڈ میں دس ون ڈے میں پانچ اننگز پانچویں نمبر کھیلیں جس میں انہوں نے ایکس نچری اور دو نصف سنچریوں کے ساتھ 300 رنز اسکور کیے۔ خیال رہے کہ پاکستانی ٹاپ آرڈر میں امام الحق، فخر زمان اور نئے پلیئر عابد علی شامل ہیں، محمد حفیظ کی شمولیت فٹنس سے مشروط جبکہ حارث سہیل کا بیٹنگ اسٹرائیک ریٹ اوسط ہے۔ امام الحق ،بابر اعظم اور محمد حفیظ بھی تیزی سے رنز بنانے والوں میں شامل نہیں ہیں۔ شعیب ملک اور عماد وسیم کے پاس چھکے مارنے کی اہلیت ہے، جبکہ فہیم اشرف اور شاداب خان بھی ضرورت پڑنے بیٹنگ کی جوہر دکھاسکتے ہیں۔ ایسے میں خود کپتان کا مڈل آرڈر میں کھیلنا اور باقی کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلنے کا فیصلہ ٹیم کیلئے سود مند ثابت ہوسکتا ہے لیکن اس کیلئے سرفراز احمد کا بیٹنگ فارم میں ہونا بہت ضروری ہے۔