• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلکس ہیلز اچانک کرکٹ سے دور،انگلش کیمپ میں سنسنی

ملتان (اسپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ورلڈ کپ دستے کے بنیادی رکن ایلکس ہیلز میگا ایونٹ کے آغاز سے چند ہفتے قبل اچانک کرکٹ سے علیحدہ ہوگئے۔ 12ویں ورلڈ کپ کی میزبان ٹیم فیورٹ ٹیموں میں نمبر ون قرار دی جارہی ہے۔ ایسے میں ہیلز نے ذاتی وجوہ کی بنیاد پر کرکٹ سے ڈرامائی دوری کرکے کیمپ میں سنسنی پھیلادی ہے۔ اوپنر نے اپنی کائونٹی ناٹنگھم شائر کی جانب سے شیڈول میچ بھی کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔ کائونٹی حکام کے مطابق انہوں نے اپنی عدم دستیابی کا فیصلہ خود کیا ہے اور یہ بھی واضح نہیں کیا ہے کہ وہ کب دستیاب ہونگے۔ تاہم سمجھا جارہا ہے کہ کائونٹی کے اعلیٰ حکام اصل وجوہ جانتے ہیں مگر ظاہر نہیں کر رہے۔ ورلڈ کپ کے لئے انگلش ٹیم کا 3روزہ ٹریننگ کیمپ اگلے ہفتے سے کارڈف میں شروع ہوگا، اس کے بعد ٹیم نے 3مئی کو آئر لینڈ اور 8 مئی سے پاکستان کے خلاف ون ڈے میچز کھیلنے ہیں۔ انگلش کرکٹ بورڈ حکام بھی ایلکس ہیلز کے فیصلے سے چونک گئے ہیں، صرف اتنا ہی کہہ سکے ہیں کہ امید ہے کہ وہ اگلے ہفتے کو کیمپ میں پہنچ جائیں گے ،30 سالہ ایلکس ہیلز کو ٹیسٹ ٹیم کے قابل نہیں سمجھا گیا وہ سال کے شروع میں اس پر ذومعنی گفتگو کر چکے ہیں ،اسی طرح وہ 2017 کے برسٹل کلب جھگڑے میں بین سٹوکس کے ہمراہ ملوث پائے گئے تھے،انہیں معمولی میچز کی معطلی کی سزا بھی ہوئی جو انہوں نے پوری کرلی تھی۔
تازہ ترین